حکومت کی اسکیمات سے تلنگانہ کی متاثرکن ترقی

تلنگانہ 2.0 روڈ میاپ سے ریاست کو پانچواں مقام متوقع : سرسوت
حیدرآباد ۔ /20 مارچ (سیاست نیوز) نیتی آیوگ کے رکن وی کے سرسوت نے حکومت تلنگانہ کی طرف سے روبعمل لائی جانے والی مختلف اسکیموں کی ستائش کی اور کہا کہ ان سے ریاست کی متاثر کن ترقی درج کی گئی ہے ۔ ریاست منصوبہ بندی کے ادارہ کے پائیدار ترقی کے اشاریہ میں 9 ویں مقام پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ تلنگانہ 2.0 ‘ کیلئے روڈ میاپ پر عمل آوری کی صورت میں یہ ریاست پانچ سرکردہ ریاستوں کی فہرست میں شامل ہوسکتی ہے ۔ تاہم اس کو سیکھنے کے بنیادی اشاریہ میں بہتری پیدا کرنا ہوگا ۔ اس ضمن میں ایجوکیشن 4.0 جیسے ایجنڈے کافی فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں ۔ سرسوت یہاں تلنگانہ 2.0 : ترقی کی کہانی جاری : شمولیات ، صنعتکاری اور اختر اع کے ساتھ شرح ترقی کے زیرعنوان سی آئی آئی تلنگانہ کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے افتتاحی خطاب کررہے تھے ۔ سی آئی آئی کے صحافتی اعلامیہ میں سرسوت کے حوالے سے کہا گیا کہ ’ ہم اگر تلنگانہ 2.0 کیلئے روڈ میاپ پر عمل کریں تو مجھے یقین ہے کہ تلنگانہ پانچ سرکردہ ریاستوں میں اپنا مقام بناسکتا ہے ‘ تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری برائے انفارمیشن ٹکنالوجی و صنعتیں جتیش رنجن نے اختراع و صنعتکاری کی حوصلہ افزائی میں صنعتوں کے رول پر زور دیا ۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی نے ریاست میں تحفظ و سلامتی کی برقراری کیلئے پولیس کے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔