کانگریس اور تلگو دیشم مشترکہ حکمت عملی پر عمل پیرا ، گورنمنٹ چیف وہپ کا بیان
حیدرآباد۔/10فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کی شروع کردہ اسکیمات اور پروگراموں کو اپوزیشن برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وقتاً فوقتاً حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم جنہیں عوام نے مسترد کردیا ہے وہ دوبارہ اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے حکومت پر تنقید کررہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ حکومت پر تنقید کیلئے کانگریس اور تلگودیشم مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ عوامی تائید حاصل ہو۔ ایشور نے کہا کہ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ دونوں پارٹیاں مخالف تلنگانہ اور تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مخالف حکومت مہم کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور عوام ان جماعتوں اور ان کے قائدین کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ گورنمنٹ چیف وہپ نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں سے عوام مطمئن ہیں کیونکہ ہر شعبہ میں عوام کی معیار زندگی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح غریبوں کی بھلائی ہے یہی وجہ ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے غریبوں کے وظائف کی رقم میں اضافہ کے علاوہ راشن کارڈ پر چاول کی مقدار میں اضافہ کیا۔ اس کے علاوہ غریبوں کیلئے مکانات کی فراہمی اور سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو چیف منسٹر پر تنقید کا کوئی حق نہیں کیونکہ انتخابات میں عوام نے دونوں پارٹیوں کو مسترد کردیا تھا۔ سیاسی مقصد براری کیلئے یہ جماعتیں حکومت کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت پر تنقیدوں کے بجائے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کی مخالف تلنگانہ سرگرمیوں کے خلاف احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تلگودیشم پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے اور آنے والے دنوں میں تلگودیشم آفس کرایہ پر دے دیا جائے گا۔