متعلقہ برانچ منیجرس سے ربط کرنے کا مشورہ ، ایم ڈی کارپوریشن بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن سے ’’ اوون یور آٹو رکشا اسکیم ‘‘ کے منتخب امیدواروں کو اطلاع دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ برانچ منیجر سے ربط پیدا کریں۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اس اسکیم کے تمام منتخب درخواست گذاروں کی تفصیلات قرض کی منظوری کیلئے مختلف بینکوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔ متعلقہ برانچ منیجرس کی جانب سے درخواست گذاروں کو فون پر اطلاع دی جائے گی اور وہ متعلقہ برانچ منیجر سے ربط پیدا کریں۔ ایسے امیدوار جو بینک کی تفصیلات سے واقف نہیں ہیں وہ ایکزیکیٹو ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن حیدرآباد و رنگاریڈی سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کریں۔ حکومت نے حیدرآباد اور رنگاریڈی میں 1000 آٹو رکشا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ چیف منسٹر نے مزید 700 درخواست گذاروں کیلئے بھی آٹو منظور کرنے کی ہدایت دی تاہم اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی ابھی باقی ہے۔ اس اسکیم کے تحت آٹو کی مالیت کی 50فیصد رقم بطور سبسیڈی فینانس کارپوریشن فراہم کرے گا جبکہ 50فیصد رقم بینک بطور قرض منظور کرے گا۔ توقع ہے کہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں اسکیم کے تحت آٹوز جاری کردیئے جائیں گے۔