حکومت کیلئے آئین سب سے اوپر:وجے گوئل

نئی دہلی، 28 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں صاف کہا کہ اس کے لئے آئین سب سے اوپر ہے ۔ایوان میں وقفہ صفر کے دوران اپوزیشن کے رہنما غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیر اننت ہیگڑے کی آئین میں تبدیلی سے متعلق بیان کا معاملہ پھر اٹھایا اور کہا کہ انہیں اس کے لیے معافی مانگنی چاہئے ۔ اس دوران ایوان میں کانگریس سمیت اپوزیشن ارکان اپنی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور زور زور سے بولنے لگے ۔ چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ارکان سے پرسکون رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ معاملہ ایوان سے باہر ہوا ہے ۔پارلیمانی امور کے وزیر وجے گوئل نے کہا کہ مسٹر ہیگڑے اپنے بیان پر لوک سبھا اور پارلیمنٹ کے باہر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں۔ لہذا اس معاملہ کو ختم کیا جانا چاہئے ۔ مسٹر ہیگڑے نے کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے آئین سب سے اوپر ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اسے کئی بار پارلیمنٹ میں دوہرا چکے ہیں۔ اس بار ایوان میں پھر شور شرابہ ہونے لگا تو چیئرمین نے ایوان کی کارروائی11.50 پر 12.00 تک ملتوی کر دی۔