حیدرآباد 25 جون ( این ایس ایس ) شہری حقوق کے لیڈر پروفیسر ہر گوپال نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نو تشکیل شدہ ریاست میں جمہوری اور شہری حقوق کو پامال کر رہی ہے ۔ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ہر گوپال نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے طلبا کی آزادی کو سلب کرلیا ہے جنہوں نے علیحدہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کیلئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ طلبا کو ہراساں کرے اور انہیں ماؤیسٹوں کے حامی قرار دے ۔ تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا ریاستی کمیٹی نے تنظیم کو ممنوعہ ماؤیسٹ پارٹی کی ملحقہ تنظیم قرار دینے ریاستی حکومت کے فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ قائدین مہیش ‘ کے لکیشمی نارائنا ‘ ویمولہ اندیپ ‘ رامولو ‘ بھاسکر اور نذیر نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت ان کی تنظیم کے خلاف غلط پروپگنڈہ اور تشہیر کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی وی وی مہاسبھا کے بعد سے حکومت تنظیم کو نشانہ بنا رہی ہے ۔