ہر معمولی واقعہ پر منموہن سنگھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے مودی اپنی بات پر قائم رہیں : کانگریس
پلوامہ دہشت گرد حملہ
نئی دہلی 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گرد حملے پر کانگریس نے آج حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اِس ضمن میں سکیورٹی کی بڑے پیمانے پر خامیوں اور کوتاہیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم سے ماضی میں دیئے گئے بیانات اور موقف پر قائم رہنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ہفتہ کو کہا تھا کہ ان کی پارٹی اس حقیقت کے پیش نظر آئندہ دو دن اس مسئلہ پر کچھ نہیں کہے گی کہ ’ہمارے انتہائی عزیز و محبوب افراد ہلاک ہوئے ہیں، ان کے خاندانوں کو ہماری ضرورت ہے اور ہم اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہورہے ہیں‘۔ تاہم منگل کو اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان ابھیشک سنگھوی نے ٹوئٹر پر لکھاکہ ’مابعد پلوامہ واقعہ کانگریس نے پوری ذمہ داری کے ساتھ انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2014 ء سے قبل مودی انتہائی اشتعال انگیز بیانات دیا کرتے تھے اور معمولی ترین واقعہ پر بھی وزیراعظم منموہن سنگھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا کرتے تھے‘۔ سنگھوی نے اپنے ٹوئٹر پوسٹ پر مزید لکھا کہ ’اڑی، پارلیمنٹ حملہ اور پلوامہ واقعہ کے بعد ہم نے ایسا نہیں کیا لیکن ان واقعات کے بعد بڑے پیمانے پر سکیورٹی خامیوں کو ہمیشہ کے لئے ختم کیا جانا چاہئے تھا‘۔ اُنھوں نے کہاکہ پلوامہ واقعہ میں بھی بڑے پیمانے پر سکیورٹی خامیوں اور کوتاہیوں کا پتہ چلا ہے جن میں وہ مضحکہ خیز نظریہ بھی تھا جس کے تحت 2500 جوانوں کو بہ یک وقت 78 گاڑیوں میں منتقل کیا گیا۔ ڈسمبر 2018 ء کے بعد جیش محمد کے کسی خودکش بمبار کے بارے میں انٹلیجنس کی تحریری رپورٹس کو نظرانداز کرتے ہوئے ان جوانوں کو سڑک راستہ سے بیک وقت سویلین گاڑیوں کے ذریعہ روانہ کیا گیا۔ کیا یہی تفصیلات ہیں جن کی کسی 56 انچ کے سینہ کو توجہ دلانے کی ضرورت ہے‘۔ پلوامہ حملے پر کانگریس کی خاموشی کے بارے میں گزشتہ روز کئے گئے ایک سوال پر سنگھوی نے جواب دیا تھا کہ متعدد کانگریس اور غیر کانگریس قائدین اس مسئلہ پر حکومت کی ناکامیوں پر فوری تشویش ظاہر کرچکے تھے۔ کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر کپل سبل نے پلوامہ دہشت گرد حملے کے لئے مودی حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کپل سبل نے برجستہ کہاکہ ’مودی جی آپ نے کہا تھا کہ بہت ہوچکا ہے اب بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کی بات سچ ہو لیکن اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنی ہی اس بات پر قائم رہیں‘۔ ڈسمبر 2015 ء میں وزیراعظم نریندر مودی کے اچانک اور غیر معلنہ دورہ پاکستان اور اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے کپل سبل نے کہاکہ ’ہم سے وعدہ کریں کہ اب مزید کوئی بغلگیری ۔ سالگرہ کے جشن نہیں ہوں گے‘‘۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کو دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے خودکش بمبار حملے میں سی آر پی ایف کے40 جوان ہلاک ہوئے تھے۔ جب اُس (حملہ آور) نے 100 کیلو دھماکو مواد سے لدی اپنی گاڑی کو نیم فوجی جوانوں کو لیجانے والی گاڑی سے ٹکرادی تھی۔