حیدرآباد 2 ستمبر (پی ٹی آئی) عدالتی احکام پر تعمیل کرتے ہوئے پولیس نے تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ چند ادارہ جات کے انتظامیہ کی تنظیموں کی جانب سے رشوت حاصل کرنے کے بعد حکومت تلنگانہ نے میڈیکل کالجس کی فیس میں اضافہ کیا ہے ۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مرلی کرشنا نے کہا کہ ’’ یہ عدالت کی طرف سے رجوع کردہ شکایت ہے ۔عدالت کی ہدایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ریونت ریڈی کے خلاف دفعات 504 (نقص امن و اشتعال انگیزی کے ارادہ سے دانستہ طور پر توہین ) اور 505 ( عوام میں شر انگیزی پیدا کرنے کے مرتکب بیانات) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔تلنگانہ کے خانگی ،غیر امدادی میڈیکل اور ڈنٹل کالجوں کے انتظامیہ جات کے تنظیموں نے پہلے ہی تلگودیشم رکن اسمبلی کی طرف سے عائد کردہ الزامات کی تردید کی ہے ۔