حکومت پاکستان اور طالبان کے درمیان آج بات چیت

سابق وزیراعظم اور سابق گورنر کے مغویہ بیٹوں کی رہائی کیلئے حکام کا مطالبہ

پشاور ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان کل سے شروع ہونے والی دوسری مرحلہ کی راست امن بات چیت کے دوران طالبان سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغویہ فرزند اور دیگر دو افراد کی رہائی کا مطالبہ کرے گی۔ پاکستان میں گذشتہ ایک دہائی سے جاری تخریب کاری کے خاتمہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کے طور پر یہ بات چیت کی جارہی ہے۔ اس تخریب کے نتیجہ میں تاحال 40,000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاستی کمیٹی کے ایک رکن رستم شاہ نے آج کہا کہ حکومت پاکستان ممنوعہ تنظیم طالبان کے ساتھ کل ہونے والی بات چیت کی تیاری مکمل کرلی ہے اور تحریک طالبان پاکستان کے شوریٰ کو پیش کئے جانے والے مطالبات کی ایک فہرست بھی تیار کی گئی ہے جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے فرزند سید علی حیدر گیلانی اور صوبہ پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے مغویہ فرزند شہباز تاثیر کی رہائی کے مطالبات بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجمل خان کی بازیابی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔