بوڈ اُپل میں ٹی آر ایس کا جلسہ ، تلگو دیشم و کانگریس کارکنوں کی شمولیت ، جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔22فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی متعارف کردہ فلاحی اسکیمات کامقصد ریاست کے غریب او رمعاشی طور پر پسماندہ طبقات کو فائدہ پہنچانا ہے۔ آج یہاں بوڈاُپل میں کانگریس‘ تلگودیشم‘ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس میںشمولیت اختیار کرنے والے دوہزارسے زائد نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمو دعلی نے پارٹی میںشامل ہونے والے نوجوانوں کو عوام کی خدمت کو اپنا مقصد حیات بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت کی آسرا پنشن اسکیم جس میں معمر‘ معذورین‘ بیوائوں کومعقول وظائف فراہم کئے جارہے ہیں اس کی سابق میں کوئی مثال نہیںملتی اس کے علاوہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی پدکم اسکیم کے تحت معاشی طور پر کمزور اقلیتی اور دلت طبقے سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو 51ہزار روپئے کی مالی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے فوڈ سکیورٹی اسکیم کے تحت ہر غریب کو فی کس چھ کیلو معیاری چاول کی تقسیم کا بھی اس موقع پر ذکر کیا۔ انہو ںنے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت ریاست کے غریب طبقے کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوائے ٹی آر ایس پارٹی کے ریاست کی کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت کا تعلق ریاست تلنگانہ سے نہیںہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے مختلف سیاسی جماعتوں سے ٹی آر ایس پارٹی میںشمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کو حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میںسرگرم رول ادا کرنے تلقین کی۔