چیف منسٹر کو کھلے مباحث کیلئے پرشانت بھوشن کا چیلنج
نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ لوک جن پال بل میں ردوبدل کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے سوراج ابھیان لیڈر پرشانت بھوشن نے آج اس موضوع پر کھلے عام بحث کیلئے اپنے سابقہ دوست کو چیلنج کیا ۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے دہلی ڈائیلاگ کمیشن کے نائب صدرنشین اشیش کھیتان کو پرشانت بھوشن کے الزامات کا جواب دینے کی ذمہ داری سونپی ہے جس پر نامور وکیل کا کہنا ہے کہ کجریوال دراصل بحث سے خوفزدہ ہیں۔ چند یوم قبل چیف منسٹر دہلی نے کابینہ میں لوک جن پال بل کو منظور کروایا تھا اور یہ ادعا کیا ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرلی گئی ہے جس پر پرشانت بھوشن نے ایف ایم ریڈیو میں ایک اشتہار جاری کرتے ہوئے کہا ، یہ کجریوال کی عہد وفائی نہیں بلکہ مخالف کرپشن تحریک اور عوام سے غداری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے اس مسئلہ پر کھلے عام مباحث کیلئے چیلنج کیا ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے اور عوام کو یہ معلوم ہوجائے کہ کون جھوٹا ہے اور کون سچا ؟ سوراج ابھیان کے قائد بھوشن اور یوگیندر یادو نے الزام عائد کیا ہے کہ کجریوال کی جانب سے منظورہ لوک جن پال بل نہیں بلکہ یہ مہاجوک (مذاق)پال بل ہے کیونکہ اس بل میں تحقیقاتی عہدیدار ( اومبڈسس مین) کے تقرر اور برطرفی کے دفعہ کو حذف کردیا گیا ہے جس پر کھیتان نے جوابی حملہ کرتے ہوئے دریافت کیا کہ لوک پال کے تقرر میں ناکامی کے خلاف بھوشن اور یادو نے وزیراعظم کی قیامگاہ پر احتجاج کیوں نہیں کیا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ عوام کو کجریوال کے خلاف گمراہ کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ویاپم اسکام پر بھی ان لیڈروں نے منی خیز خاموشی اختیار کرلی ۔