عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی پر توجہ ضروری ، فورم فار گڈگورننس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : فورم فار گڈگورننس نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام کے تحت انجام دئیے جانے والے منصوبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو مشورہ دیا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت شہر کی ترقی کے منصوبہ کیساتھ ساتھ عوام کو اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور عوام کی خوشحالی اور انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی پر بھی توجہ دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں نائب صدر فورم فار گڈگورننس ڈاکٹر راؤ چلکان ، سکریٹری مسٹر ایم پدمنابھا ریڈی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت تلنگانہ کے ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام کے مخالف نہیں ہیں بلکہ حکومت کی جانب سے مذکورہ پروگرام کے تحت شہر میں واقع سڑکوں ، ترکاری منڈیوں ، بس بیسس ، ملٹی لیول پارکس ، پبلک ٹائلٹس کی تعمیر جیسے کاموں پر ہزاروں کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام کے تحت انجام دئیے جانے والے ترقیاتی کاموں سے زیادہ شہر کے عوام کو اہم بنیادی سہولتوں جیسے صاف اور شفاف پینے کے پانی کی موثر سربراہی ، ڈرینج کی صفائی ، صحت عامہ ، تعلیم ، سلم علاقوں کی ترقی ، برقی کی سربراہی ، عوامی نظام تقسیم کے تحت سربراہ کی جانے والی اشیاء کی فراہمی ، ماحولیاتی آلودگی سے عوام کی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات ، آلودگی پیدا کرنے والی صنعتوں کو بند کرنے یا شہر سے دور منتقل کرنے ، امن و امان کی برقراری ، جی ایچ ایم سی کے قانون میں ترمیم اور رشوت اور بدعنوانیوں پر قابو پانے اور غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی کے لیے جامع قانون ، ہر میونسپل وارڈ میں کھیل کا میدان اور پارک کی تعمیر کے علاوہ عوام کو حسب ضرورت سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے انجام دئیے جانے والے ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام سے شہر کے غریب اور متوسط طبقات کے عوام کو کسی بھی قسم کا فائدہ حاصل نہیں ہوگا جب کہ اس پروگرام سے صرف بڑے بڑے کنٹراکٹرس کو ہی نفع کا ذریعہ بنے گا ۔۔