حکومت تلنگانہ کے مسلمانوں کے لیے مستحسن اقدامات

چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی خصوصی توجہ ، سمیریمنی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : ریاستی قائد تلنگانہ راشٹرا سمیتی جناب سمیر یمنی نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے رمضان کے موقع پر موثر انتظامات کرنے اور مقدس ماہ رمضان کی تیاریوں کے لیے علحدہ بجٹ جاری کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی سے اظہار تشکر کیا ۔ آج یہاں پارٹی آفس میں انہوں نے بتایا کہ مسلم سرکاری عہدیداروں کو قبل از وقت دفتر سے چھٹی کے علاوہ ماہ رمضان میں 26 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے غریب مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ان کے لیے ملبوسات اور غذائی اجناس کے پیاکٹس کی فراہمی و بلاوقفہ برقی کی سربراہی کے انتظامات کو حکومت تلنگانہ کا مستحسن اقدام قرار دیا ۔ انہوں نے کہا گریٹر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں رمضان کے علحدہ بجٹ کے ذریعہ پرانے شہر میں ڈیولپمنٹ کے کام انجام دینے اور رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پرانے شہر میں کیمپ کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کی جانب سے پرانے شہر کے بنیادی مسائل کا مسلسل جائزہ لینے کے اقدامات کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کی ساٹھ سالہ طویل تاریخ میں کسی بھی مسلم وزیر نے پرانے شہر کے مسائل کو حل کرنے میں اس قدر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی ۔ مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے میں جس قدر جناب محمد محمود علی سنجیدہ ہیں اسی طرح کے چندر شیکھر راؤ بھی مسلمانوں کے مسائل کے حل کی یکسوئی کے لیے مضبوط حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں ۔ جناب سمیر یمنی نے تلنگانہ کے مسلمانوں سے مقدس ماہ رمضان کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کی جانب سے کی جارہی کوششوں کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ۔۔