کئی خاندان لعنت کا شکار ہوں گے ، ڈی کے ارونا کا حکومت کو انتباہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( آئی این این ) : کانگریس کی سینئیر قائد و سابق وزیر شریمتی ڈی کے ارونا نے ٹی آر ایس کی تلنگانہ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ آبکاری کی نئی پالیسی کے تحت عوام میں سستی شراب کی سربراہی کے بہانے غریبوں کی اچھی خاصی زندگیوں کو تباہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ آج یہاں گاندھی بھون میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گڑمبہ سے پہلے ہی کئی خاندانوں میں تباہی ہوئی ۔ اس طرح کی صورتحال کے باوجود حکومت سستی شراب سربراہ کرنے کی تجویز رکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ شراب نوشی کی حوصلہ شکنی کریں لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کھلے عام سستی شراب کو عام کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ نامناسب بات ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کو مشورہ دیا کہ وہ اس تجویز سے فوری دستبرداری اختیار کریں تاکہ مزیدکئی خاندانوں کو شراب کی لعنت کی تباہی سے بچایا جاسکے ۔ ڈی کے ارونا نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر وہ پالیسی سے عدم دستبردار رہے گی تو کانگریس پارٹی اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرے گی ۔۔