ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا دورہ نظام کالج گراونڈ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ نظام کالج گراؤنڈ کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کی جانب سے دی جانے والی دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار اور بعض عوامی نمائندے موجود تھے۔حکومت کی جانب سے افطار کے انتظامات کے نگرانکار ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں، رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم، کمشنر پولیس حیدرآباد مہندر ریڈی، سکریٹری و کمشنر لیبر احمد ندیم، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، جوائنٹ کمشنر پولیس انجنی کمار، کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نوین متل، ڈپٹی کمشنر پولیس کملاسن ریڈی کے علاوہ ٹریفک پولیس، آر اینڈ بی، واٹر ورکس اور جے اے ڈی کے عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر اور اہم شخصیتوں کیلئے کئے جارہے علحدہ انتظامات کے علاوہ نماز اور طعام کے انتظامات سے واقف کرایا۔ چونکہ اس مرتبہ حکومت نے عرب ممالک کے سفراء کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا چیف منسٹر کے ساتھ 100اہم شخصیتوں کا خصوصی ٹیبل تیار کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو دعوت افطارمیں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نظام کالج گراؤنڈ پر دعوت افطار کے انتظامات کا آغاز کردیا گیا اور مدعوئین اور اہم شخصیتوں کیلئے علحدہ علحدہ انکلوژرس اور نماز اور طعام کے انتظامات رہیں گے۔ مدعوئین اور اہم شخصیتوں کیلئے علحدہ باب الداخلہ کا تعین کیا گیا۔ افطار کے موقع پر پارکنگ اور ٹریفک کے انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت جاریہ سال بڑے پیمانے پر دعوت افطار کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔