حکومت تلنگانہ کی جانب سے آج اجمیر شریف کو غلاف مبارک کی روانگی

حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے 24 اپریل کو غلاف مبارک اجمیر شریف روانہ کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو صبح میں غلاف کا مشاہدہ کریں گے اور اسے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر سہ پہر جئے پور کیلئے پرواز کریں گے۔ وہ راجستھان کے وزیر اوقاف سے اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تعمیر کیلئے ایک ایکر اراضی کے الاٹمنٹ کے مسئلہ بات چیت کریں گے۔ ہفتہ کو بعد عصر درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ میں غلاف مبارک پیش کیا جائے گا اور دیوان اجمیر جناب سید زین العابدین کو 2.50 لاکھ روپئے بطور نذرانہ پیش کریں گے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر خصوصی غلاف تیار کیا گیا جس پر ایک لاکھ 73 ہزار روپئے کا خرچ آیا ہے۔ سیاست کی جانب سے رپورٹ کی اشاعت کے بعد حکومت نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو غلاف کے ساتھ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔