حکومت تلنگانہ سے محرم میں خصوصی انتظامات

محمد محمود علی کی بی بی کے الاوہ پر حاضری ، کارگذار چیف منسٹر کے لیے متولی کی دعائیں
حیدرآباد۔17ستمبر(سیاست نیوز) کارگذار ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے کہاکہ محرم کے انتظامات کی تکمیل کے لئے حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتظامات کی تکمیل میںکوئی کوتاہی نہیںبرتیں۔ وہ آج یہاں بی بی کے الاوہ دبیر پورہ میںبی بی کے علم پر ڈھٹی پیش کرنے کے بعد کہاکہ ہمارے قائد و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر رائو کی ماہ محرم سے کافی عقیدت ہے ۔ہمیںحضرت امام حسین ؓ کی شہادت سے درس لینا چاہئے۔ یقینا محرم غم کا مہینہ ہے اورحضرت امام حسینؓنے اپنی شہادت کے ذریعہ ساری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ حق او رباطل کی معرکہ آرائی میںصبر وتحمل اور حوصلہ کے ساتھ کی جانی والی جدوجہد کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اولیاء اللہ کے آستانے ‘ بارگاہیں اور عاشور خانے ‘ الاوے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال ہیںجہاں پر ہر مذہب کے لوگ آکر اپنی مرادیں پوری کرتے ہیں۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بھی ماہ محرم میںخصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں۔ بلدیہ گریٹر حیدرآباد کے ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین راست ان انتظامات کی نگرانی کرتے ہیں۔ دس محرم سے قبل ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد کے ترقیاتی کام حکومت تلنگانہ نے انجام دئیے ہیں۔انہو ںنے کہاکہ تمام عاشور خانوں او رالاوئوں پر بلدی برقی او رآبرسانی کے موثر انتظامات انجام دئے گئے ہیں۔ قبل ازیں متولی الاوہ بی بی جناب عارف نے چیف منسٹرکے چندرشیکھر رائو کی درازی عمر اورصحت کے علاوہ ریاست کی ترقی کے لئے دعائیں کیں۔چیرمین سٹ ون جناب میرعنایت علی باقری‘ چیرمین حج کمیٹی جناب مسیح اللہ خان کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی کے دیگر قائدین اورکارکنوں کی کثیرتعداد بھی اس موقع پرموجود تھی۔