ٹی آر سی کے مذاکرہ سے انقلابی گلوکار غدر کا خطاب
حیدرآباد۔23نومبر(سیاست نیوز) انقلابی شاعروگلوکار غدر نے تلنگانہ ریسور س سنٹر کے 149ویں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاست کے کسان اور پسماندگی کاشکار طبقات کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدمات اٹھانے کا بھی اس موقع پر حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا اور کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں آندھرائی قائدین اورسرمایہ داروں کی عصبیت کاشکار طبقات کو نئے ریاست کی تشکیل سے کافی امیدیں وابستہ ہیںجن کو پورا کرنے کی تمام تر ذمہ داری ریاستی حکومت پر ہی عائد ہوگی۔ مسٹر غدر نے پسماندگی کاشکار طبقات کی فلاح وبہبود میںمعلنہ فلاحی اسکیمات کو روبعمل لانے کے لئے ریاستی حکومت کو مثبت اقدامات سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ ان کے علاوہ مذاکرے کے مہمان مقرر وسابق یونین منسٹر ایس وینو گوپال چاری نے مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ کی جارہی ناانصافیوں کو آندھرائی قائدین کی سازشوں کا حصہ قراردیا ۔ انہوں نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی میں رکاٹوں کے ذریعہ ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے آندھرائی قائدین سازشیں کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت بھی آندھرائی قائدین کے ہاتھوں کی کٹ پتلی کا رول ادا کررہی ہے۔ انہوں نے آر جی آئی ائیر پورٹ کے نام کی تبدیلی پر تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے ائیر پورٹ کو غیر علاقائی قائدکے نام سے موسوم کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے جذبات سے کھلواڑ کی جو کوشش کی جارہی ہے اس کے خلاف مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نئی دہلی میںحکومت تلنگانہ کے نمائندے کی حیثیت سے آر جی آئی ائیرپورٹ کے نام کی تبدیلی کے فیصلے کے خلاف موثر نمائندگی کی جائے گی۔ سینئر جرنلسٹ رمیش ہزاری‘ ریٹائرڈ ائی اے ایس مسٹر ٹی رام چندرڈو نمائندے حکومت تلنگانہ برائے نئی دہلی نے بھی اس مذاکرے سے خطاب کے ذریعہ ریاست کے برقی اور آبرسانی مسائل کے متعلق مرکزی حکومت کو متوجہہ کرانے کا فیصلہ کیا۔