حکومت تلنگانہ سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے سنجیدہ

سری لنکا کے صحافیوں کی چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پڑوسی ممالک جیسے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں سنجیدہ ہے اور سیاحت، صحت اور سماجی شعبوں میں باہمی تعاون کے حق میں ہے۔ چیف سکریٹری نے آج ان سے ملاقات کرنے والے سری لنکا کے صحافیوں سے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سری لنکا کے 15 رکنی صحافتی وفد نے آج چیف سکریٹری سے ملاقات کی جو ریاست کے تین روزہ دورہ پرہیں۔ اس وفد میں سری لنکا کے اخبارات کے ایڈیٹرس اور سینئر صحافی شامل ہیں۔ چیف سکریٹری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے تلنگانہ کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کئی شعبہ جات جیسے انفارمیشن ٹکنالوجی، فارما، ادویات کی تیاری اور ایرو اسپیس میں ملک میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ دفاع، سائنس، ٹکنالوجی اور دیگر اہم شعبہ جات کے ریسرچ سنٹرس حیدرآباد میں قائم ہیں۔ حیدرآباد کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں جیسے امیزون، مائیکرو سافٹ کا مرکز بن چکا ہے جس میں ریاست کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کئی بین الاقوامی پروگراموں کے انعقاد کا مرکز ہے اور یہاں بہتر طبی سہولتوں کے سبب ملک کا طبی مرکز شمار ہوتا ہے۔ چیف سکریٹری نے سری لنکا کے صحافیوں کو حیدرآباد اور تلنگانہ کے سیاحتی مقامات اور انسانی وسائل سے متعلق سہولتوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بہتر انفراسٹرکچر سہولتوں کے سبب کئی قومی اور بین الاقوامی ادارے سرمایہ کاری کیلئے راغب ہورہے ہیں۔ کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ نے سری لنکا کے صحافیوں کو بتایا کہ ریاست میں کئی ٹی وی چیانلس اور اخبارات ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے۔