عوامی اُمنگیں پوری کی جائیں گی، اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد 11 نومبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج کہاکہ اُن کی حکومت اِس ریاست میں حیرت انگیز کرشمے کر دکھائے گی کیونکہ عوام نے اِس اُمید کے ساتھ ہی علیحدہ ریاست کے لئے جدوجہد کی تھی۔ قانون ساز اسمبلی میں ریاستی بجٹ پر جاری بحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ ’’عوام نے ریاست تلنگانہ میں حیرت انگیز کرشمے رونما ہونے کی توقعات کے ساتھ علیحدہ ریاست کے لئے جدوجہد کی تھی‘‘۔ کانگریس کے سینئر قائد اور اپوزیشن لیڈر کے جاناریڈی کے تبصروں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے سی آر نے کہاکہ ’’اُن (عوام) کی اُمنگیں پوری ہوں گی اور یقیناً حیرت انگیز کرشمے بھی رونما ہوں گے اور ہم ایسا کر دکھائیں گے‘‘۔ جاناریڈی نے اِس تاثر کا اظہار کیا تھا کہ ٹی آر ایس حکومت کا پہلا بجٹ حقیقت سے بعید ہے۔ عوام کو اُلجھن زدہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ حقائق بیان کرے۔