دریائے کرشنا آبی تنازعہ پر مہاراشٹرا کو تلنگانہ کی تائید
ممبئی ۔ 23 اگسٹ ۔ (پی ٹی آئی) مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی حکومتوں نے تین بین ریاستی آبپاشی پراجکٹوں کی تعمیر کیلئے آج ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کے دفتر سے کئے گئے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس اور ان کے تلنگانہ ہم منصب کے چندرشیکھر راؤ نے دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور وزرائے آبپاشی کی موجودگی میں اس یادداشت مفاہمت پر دستخط کی ۔ فڈنویس نے کہا کہ ’’ماہی گیروں کے حقوق ہماری ریاست کے ساتھ ہوں گے اور کرشنا آبی تنازعہ کے معاملہ میں حکومت تلنگانہ ، مہاراشٹرا کے موقف کی تائید کریگی‘‘۔ فڈنویس نے مزید کہاکہ تینوں پراجکٹوں کے مصارف حکومت تلنگانہ براشت کریگی اور مہاراشٹرا کا کوئی بھی گاؤں زیرآب نہیں ہوگا ۔ فڈنویس نے کہا کہ ان تین پراجکٹوں کی تعمیر سے مہاراشٹرا کے اضلاع چنداپور، گڈوچرولی اور ایوت محل کی 30,000 ہیکٹر اراضیات کو آبپاشی فراہم ہوگی ۔