حکومت تلنگانہ اختراع کیلئے ایک پلیٹ فارم بنا رہی ہے

ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ میں ورکشاپ سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ انکوبیٹرس پیدا کرتے ہوئے اختراع کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے ۔ آج یہاں ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ پر ایک ورکشاپ سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اختراع کے لیے نمایاں کام کے ساتھ آگے آنا چاہئے اور انہیں ایسی اختراع پر توجہ دینی چاہئے جو ہندوستان کی ضرورتوں کیلئے موزوں ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد آئی ٹی اور ہیلت کیر کیلئے اہم مرکز ہے ۔ اس لیے دونوں کو یکجا کرتے ہوئے صحت کے شعبہ میں کچھ اختراعات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ اور حکومت تلنگانہ مل کر کام کرتے ہوئے آنکھوں کے علاج و معالجہ کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 8 جولائی کو محبوب نگر میں موبائیل ٹراما کیر سنٹر قائم کیا جائیگا ۔اس موقع پر انہوں نے ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ اور ڈاکٹر جی این راو کی جانب سے کئے جارہے کام کی ستائش کی ۔۔