حکومت تلنگانہ آصف جاہی حکمرانوں کی مرہون منت

پرنسس عیسن اسکول کی سنگ بنیاد تقریب ، جناب محمد محمود علی اور پرنس مفخم جاہ کی شرکت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت آصف جاہی حکمرانوں کی مرہون منت ہے ۔ تحریک تلنگانہ میں نظام کے کارناموں کو پیش کرتے ہوئے کامیاب تحریک چلائی گئی ۔ حضور نظام کا دولت کے اعتبار میں دنیا بھر میں تیسرا مقام تھا ۔ اور آج تلنگانہ کو ملک میں سرفہرست ریاست بنانے کی مساعی جاری ہے ۔ جہاں ہر جگہ نظام کی اراضیات تھی وہیں آج پرنس مفخم جاہ کو اسکول کی عمارت کے لیے زمین خریدنا پڑا ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی نے یہاں جل پلی میں پرنسس عیسن گرلز اسکول کے سنگ بنیاد تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ نظام کا دور سنہرا تھا ۔ ہڈیوں کے دواخانہ کے لیے نظام نے پنجہ گٹہ میں قیمتی اراضی پر نظامس انسٹی ٹیوٹ ’ نمس ‘ قیام کیا ۔ تعلیمی شعبہ میں عثمانیہ یونیورسٹی اور صحت میں عثمانیہ ہاسپٹل تاریخی کارنامے ہیں ۔ پرنس مفخم جاہ کی عوامی قربت کے حوالہ سے کہا کہ پرنس کی شخصی دلچسپی سے آج شہر میں کئی تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں ۔ سابق میں نواب گھرانے کے دروازے 36 فٹ طویل ہوا کرتے تھے ۔ آج بمشکل چھ فٹ کے دروازے ہیں نظام اور نواب حیدرآباد اور تلنگانہ سے جڑے ہوئے ہیں ۔ موجودہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر ہمیشہ حضور نظام کے خدمات کا ذکر کرتے ہیں اور انہوں نے متعدد مرتبہ حضور نظام کی قبر پر حاضری دی ۔ 1948 تک دکن میں نظام کی بادشاہت تھی ۔ اس کے بعد دکن ریاست ہندوستان میں ضم ہوگئی ۔ اس وقت حیدرآباد میں 1270 سرکاری اسکولس تھے اور آج جمہوریت میں آبادی ایک کروڑ متجاوز ہونے کے بعد یہ بڑھنے کے بجائے گھٹ کر 800 ہوگئے آج عام تاثر جمہوریت سے بہتر نظام کے دور کو قرار دیتا ہے ۔ پرنسس مفخم جاہ بہادر نے جل پلی میں پرنسس عیسن اسکول کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ 3.8 ایکڑ وسیع و عریض اراضی پر یہ پرانے شہر کا منفرد و معیاری اسکول 2016 جون تک تعمیر کے پہلے مرحلہ کی تکمیل کرے گا اور جون 2016 سے 45 کلاس رومس میں تعلیم کا آغاز ہوجائے گا ۔ اس کے لیے نظامیہ حیدرآباد ویمنس ایجوکیشن ٹرسٹ نے دہلی کے نامور آرکیٹکٹ کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ پروگرام کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا ۔ ابتداء میں گارڈ آف آنر دیا گیا ۔ مہ پارہ علی ٹرسٹی نے خیر مقدم تقریر کی ۔ ڈائرکٹر اسکول مسز سلطانہ نذیر الحسن نے استقبال کیا ۔ اسکول کے تین سابقہ طلبہ نے اپنے تاثرات پیش کئے ۔ سید انیس حسین ٹرسٹی نے نئی بلڈنگ کے پراجکٹ کو پیش کیا ۔ اس موقع پر پرنسس عیسن اسکول کے جمیع اسٹاف ، ٹرسٹی موجود تھے ۔ پرنسپل انور جانی نے پروگرام کے انعقاد میں معاونت کی جب کہ تہمینہ نے بڑی عمدگی سے کارروائی چلائی ۔ آئی سی ایس سی نئی دہلی سے ملحقہ پرنسس عیسن جو پرانی حویلی علاقہ میں قائم ہے اپنے وسیع کیمپس کے دیرینہ ضرورت کی تکمیل کرے گا ۔ آخر میں اسکول کیپٹن آمنہ مہوش نے شکریہ ادا کیا اور قومی ترانہ پر اختتام ہوا ۔۔