انقرہ ۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نئے ترک وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے ہفتے کے روز پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔ سابق وزیرخارجہ کو حکمران جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی نے گزشتہ ہفتے وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کیا تھا۔ داؤد اوگلو نے رجب طیب ایردوآن کی جگہ لی۔ رجب طیب ایردوآن تقریباً ایک دہائی تک ترک وزیراعظم کی ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد اب عہدہ صدارت پر براجمان ہو گئے ہیں۔ ہفتے کے روز داؤد اوگلو پر پارلیمان نے 133 کے مقابلے میں 306 ووٹوں سے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس ووٹنگ کے بعد کہا کہ وہ ترکی کو دنیا کی 10 بہترین معیشتوں میں لانے اور سن 2023ء تک یورپی یونین کا رکن ملک بنانے کے لئے بھرپور کام کریں گے۔