حکومت تبدیل لیکن معاشی پالیسیاں برقرار صدر سی آئی ٹی یو اے کے پدنابھن کا دعویٰ

کوئمبتور 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی آئی ٹی یو نے آج الزام عائد کیا ہے کہ ہمارا ملک تیزی کے ساتھ آمریت کی سمت گامزن ہے اور سماج کے تمام طبقات بشمول محنت کشوں اور طلباء سے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے گھناؤنے عزائم کے خلاف جدوجہد کے لئے متحد ہوجائیں۔ سنٹر آف انڈین ٹریڈ یونین کے صدر مسٹر اے کے پدمنابھن نے بتایا کہ برسر اقتدار افراد اپنے نظریات عوام پر مسلط کرنے حب الوطنی اور قوم پرستی کی نئی تاویل پیش کرنے کی کوشش میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ دوسرے بھی ان کے نقش قدم پر چلیں۔ بینک ایمپلائیز فیڈریشن آف انڈیا کی ریاستی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مرکز میں 1991 ء سے برسر اقتدار حکومتیں فراخدلانہ معاشی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جس کے باعث محنت کش طبقہ اور عوامی شعبہ بُری طرح متاثر ہوگیا۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت کا بنیادی ایجنڈہ یہ ہے کہ عوامی شعبوں کے اداروں (پی ایس یو) اور بینکوں سے سرمایہ غیر مشغول کردیا جائے تاکہ کارپوریٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے اور حکومت کے زیرانتظام صنعتوں کو ختم کردیا جائے۔ اگرچیکہ موجودہ حکومت بھی پیشرو حکومت کے راہ پر گامزن ہے لیکن ایک قدم آگے بڑھ کر اپنے نظریات دوسروں پر تھوپنے کی کوشش میں ہے جس کی مخالفت کرنے پر نہ صرف حملے کئے جارہے ہیں بلکہ انھیں قوم دشمن قرار دیا جارہا ہے۔ یہ اعتراف کرتے ہوئے بڑی ٹریڈ یونینوں بشمول سی آئی ٹی یو ورکرس کے حقوق پر ضرب کاری کے خلاف مزاحمت میں ناکام ہوگئی ہیں جبکہ لیبر قوانین میں ترامیم اور یونین کی تشکیل کے حق سے محروم کردینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ سماج کے تمام طبقات کو متحد ہوکر آمریت کے خلاف جدوجہد کیلئے کمربستہ ہوجانا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی خود مختاری اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے ایک لائحہ عمل قطعیت دینے تمام سنٹرل ٹریڈ یونینس کا اجلاس دہلی میں 30 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔