حکومت آندھرا پردیش اور سنگاپور میں یادداشت مفاہمت

سنگاپور میں چندرا بابو نائیڈو کی وزراء سے ملاقات ، اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( این ایس ایس) : اے پی حکومت نے آج نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے ساتھ ’ ماسٹر پلان آن ایز آف ڈوئنگ بزنس ان اے پی ‘ پر ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ۔ یہ یادداشت مفاہمت یکم اپریل 2015 تا 31 مارچ 2018 کے لیے ہے ۔ یہاں ایک سرکاری ریلیز میں یہ بات بتائی گئی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سنگاپور میں ان کے دن کا آغاز کرتے ہوئے سنگاپور کے فاونڈنگ فادر لی کان یو کی یاد میں ایک نوٹ پڑھا ۔ بعد میں انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ امور کے شانمگم کے ساتھ بریک فاسٹ میٹنگ کی اس کے بعد سنگاپور کے سکنڈمنسٹر برائے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایس ایشورن کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس اجلاس کے دوران سنگاپور کے گورنر نے کیپٹل ریجن کا ایک وسیع آوٹ لائن پلان پیش کیا جس میں چیف منسٹر نے چند ترمیمات کی تجویز پیش کی ۔ دارالحکومت شہر کے ماسٹر پلان میں ان تجاویز کے مطابق ترمیم کی جائے گی ۔ آندھرا پردیش کے وفد نے سنگاپور کے وفد کو بتایا کہ دارالحکومت کے علاقہ میں دو رنگ روڈس اور کئی ریڈئیل روڈس ہیں جو مختلف چھوٹے ٹاونس سے مربوط ہیں ۔ اے پی اور سنگاپور کے وفود نے آئندہ چھ تا آٹھ ہفتوں میں میٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس وقت تک حکومت سنگاپور اس پلان کا ایک نظر ثانی ماسٹر ورژن پیش کرے گی ۔۔