نئی دہلی۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ وہ پٹرولیم جیسی وزارتوں کے راز کی سرکاری دستاویزات کے مبینہ سرقہ پر کارپوریٹ جاسوسی کیس سے متعلق مباحث کے لئے تیار ہے۔ آج جیسے ہی دن کی کارروائی کا آغاز ہوا، راجیہ سبھا میں مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے سماج وادی پارٹی لیڈر نریش اگروال نے کہا کہ سرکاری کاغذات کا سرقہ اور کئی وزارتوں سے دستاویزات کا کارپوریٹس اداروں میں انکشاف کیا جانا سنگین مسئلہ ہے۔ حکومت نے اب تک صرف جونیئر سطح کے عہدیداروں کو گرفتار کیا ہے اور بڑے آدمیوں کو بچایا جارہا ہے۔ اس پر ملکی مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت، نریش اگروال کے اٹھائے گئے مسئلہ کے بشمول کئی مسائل پر مباحث کے لئے تیار ہے۔ اس پر صدرنشین راجیہ سبھا حامد انصاری نے رکن سے کہا کہ وہ مباحث کے لئے مناسب نوٹس دیں۔ کارپوریٹ جاسوسی کیس میں اب تک وزارت آئیل کے دو جونیر اسٹاف ممبر کے بشمول 14 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ریلائینس انڈسٹریز اور دیگر کمپنیوں کے پانچ ایگزیکٹیوز بھی زیرحراست ہیں۔