’ ویمن امپاورمنٹ ‘ پر رتنا چوٹرانی کی کتاب ’ ویمن گلوری ‘ کی رسم اجراء ، بنڈارو دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست کی سینئیر رپورٹر رتنا چوٹرانی کی تحریر کردہ ایک کافی ٹیبل بک ’ ویمن گلوری ‘ کی رسم اجرائی مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب میں انجام دی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے ویمن امپاورمنٹ پر اس کتاب کو تحریر کرنے میں رتنا چوٹرانی کی کاوشوں کی ستائش کی ۔ اس کتاب میں ان حوصلہ مند خواتین انٹرپرائزس کا تذکرہ کیا گیا جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود اپنی محنت اور کوشش سے حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی فیلڈ میں کامیابی حاصل کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اس کتاب کی پہلی کاپی مسز موہنی چوٹرانی کے حوالہ کرتے ہوئے ماں کی عظمت کو اجاگر کیا اور ان کی ستائش کی اور کہا کہ ماں کا مقام بہت قابل احترام ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی خواتین ریاست اور ملک کے لیے عظمت کا باعث بنی ہیں جیسے کہ حیدرآباد سے ویمن کرکٹر میتھالی راج نے ملک کے لیے اعزاز حاصل کیا ۔ اسی طرح کئی خواتین ان کے متعلقہ شعبوں میں اپنا اہم رول ادا کررہی ہیں اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک اور قوم کے لیے فخر کا باعث بن رہی ہیں ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کئی اسکیمات متعارف کئے ہیں جن سے خواتین کو فائدہ حاصل ہوگا ۔ انہوں نے بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ پروگرام کو اہمیت دی ہے ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کی خواتین نے مختلف میدانوں میں خواہ وہ اسپورٹس ہو ، انڈسٹری یا اسپیس میں نمایاں کارنامے انجام دیتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں بھی خواتین نے جرات مندی اور حوصلہ مندی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے سشما سواراج ، سمرتی ایرانی ، میناکشی لیکھی کے ناموں کا تذکرہ کیا ۔ قبل ازیں مسز چھایا دیوی ، بی جے پی جنرل سکریٹری نے ویمن امپاورمنٹ کے موضوع پر اس کتاب کو تحریر کرنے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے ہر میدان خواہ سیاست ہو یا اسپورٹس ، صحافت ، انڈسٹری میں نمایاں کام انجام دیا ہے ۔ انہوں نے خواتین کے لیے حکومت کے پروگرامس پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خواتین ان پروگرامس سے استفادہ کرسکتی ہیں ۔ مسٹر گاورا سرینواس صدر ، ایف اے پی سی سی آئی نے کہا کہ آج خواتین کے لیے کئی مواقع دستیاب ہیں ۔ فیاپسی کے سابق صدر رویندر مودی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر ویمن اچیورس کو ایوارڈس پیش کئے گئے ۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں وندنا چوٹرانی ، انورادھا والی ، الکااگروال ، ڈاکٹر تیگلا انیتا ، آشاکانجنی ، لتا لومنی ، تریشتا تیج اور دیگر کئی شامل ہیں ۔۔