حوالات میں موت : 4ملازمین پولیس کو 7سال کی سزائے قید

نئی دہلی ۔8مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے 4ملازمین پولیس کو 7سال کی سزائے قید سنائی جنہوں نے اذیت رسانی کے ذریعہ حوالات میں ایک شخص کو ہلاک کردیا تھا ۔ عدالت نے کہا کہ انہوں نے ایک قیمتی انسانی زندگی ضائع کردی۔مہلوک کی چیخیں بھلائی نہیں جاسکتی ۔ سزائے قیدسناتے ہوئے دہلی کی عدالت نے کہا کہ ہیڈ کانسٹبل بھگوان اور اُجاگر سنگھ اور کانسٹبلس شری پال اور سیارام کو جو قانون کے محافظ ہیں اس شخص کو پولیس اسٹیشن میں اذیت رسانی کے ذریعہ ہلاک کردینے کے جرم میں 7سال کی سزائے قید سنائی جاتی ہے ۔ پانچویں ملزم کانسٹبل چمن لال کے خلاف مقدمہ منسوخ کردیا گیا کیونکہ وہ 2006ء میں ہی فوت ہوچکاہے ۔ عدالت نے چاروں مجرموں کو ڈھائی لاکھ روپئے فی کس مہلوک کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم بھی دیا اور ان کی درخواست کو کہ معاوضہ کی رقم میں اضافہ کیا جائے لیکن انہیں جیل میں روانہ نہ کیا جائے ‘ مسترد کردیا ۔