یروشلم۔ 9 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے 2006ء کے پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے حماس کی کامیابی کے بعد قائم کی جانے والی قانون سازکونسل کو تحلیل کرنے کی دھمکی دی ہے۔رام اللہ میں نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس سے خطاب میں صدر عباس نے کہا کہ ہم قانونی طریقے سے مجلس قانون ساز کو تحلیل کریں گے۔ میں یہ بات پہلی مرتبہ کررہا ہوں اور جلد ہی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ حماس ایک سے زاید مرتبہ قانون ساز کونسل تحلیل کرنے کی مخالفت کرچکی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ محمود عباس کے پاس پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اختیار نہیں۔فلسطین کے بنیادی دستور کے تحت ملک میں ہر چار سال کے بعد پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔