چار دن میں ایک مرتبہ سربراہی ، کم مقدار کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : دونوں شہروں کو پینے کا پانی سربراہ کر نے والے ذخیرہ آب میں قابل لحاظ پانی کا اضافہ ہوا ہے لیکن حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔ خاص کر جہاں پر مسلم آبادی ہے چار دن میں ایک مرتبہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے خصوصا موتی نگر بلدی ڈیویژن کے محلہ جات پدماوتی نگر ، عزیز نگر ، معراج نگر کے اطراف و اکناف کی بستیوں میں پینے کے پانی کی تکلیف ہے ۔ موسیٰ پیٹ ڈیویژن کے واٹر ورکس مینجر سے کئی مرتبہ عوام نے نمائندگی کی لیکن مینجر نے کوئی خاص توجہ نہیں دی ۔ یہاں کے مکینوں نے ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر بلدیہ اور رکن اسمبلی سے گذارش کی ہے کہ وہ فوری طور پر توجہ دیں ۔ یہاں کافی تعداد میں محنت مزدوری کرنے والے صبح کے وقت جلد کام پر جاتے ہیں جن میں قابل لحاظ افراد ریلوے گڈس شیڈ میں کام کرتے ہیں یہاں پر پانی کی سربراہی کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے ۔ رات میں کبھی صبح صبح یا دوپہر وہ بھی کم مقدار میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ بعض محلہ جات ایسے ہیں جہاں چوبیس گھنٹے پانی کی سپلائی جاری رہتی ہے ۔ کئی لوگ سرویس سنٹرس چلا رہے ہیں ۔ ایک طرف عوام کو پینے کے پانی کی تکلیف تو دوسری طرف پانی کا بیجا استعمال ہوتا ہے موتی نگر بلدی ڈیویژن میں کئی ملٹی پلکس اپارٹمنٹ میں یہاں پانی موثر انداز میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ دوسری جانب مسلم آبادی اور مزدور پیشہ افراد جہاں رہتے ہیں وہاں پانی کی سربراہی ناقص ہے ۔ نل کا بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود پینے کے پانی کے لیے عوام کو مصیبت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے عہدیدار اور لائن مین وغیرہ اپنی من مانی چلاتے ہوئے عوام کو مشکلات سے دوچار کررہے ہیں یہاں کے مکینوں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ فوری اس جانب توجہ دیں اور مسئلہ کی یکسوئی کریں ۔۔