جناب محمد فیروز خاں تلگودیشم امیدوار کا پیدل دورہ، عوام کا والہانہ خیرمقدم
حیدرآباد 26 اپریل (پریس نوٹ) جناب محمد فیروز خان امیدوار حلقہ اسمبلی نامپلی نے کل مراد نگر ڈیویژن میں مراد نگر، سید علی گوڑہ، ہلز کالونی کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ گھر گھر جاکر مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ عوام نے والہانہ استقبال کیا اور جگہ جگہ گلپوشی کی۔ اس موقع پر عوام نے فیروز خاں کو بنیادی مسائل سے واقف کروایا اور کہاکہ آپ کی عملی زندگی سے ہم بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ آپ پہلے ایسے شخص ہیں جنھوں نے بنیادی مسائل کو سمجھتے ہوئے غریبوں سے ہمدردی کی ہے ورنہ لوگ انتخابات میں ہی آتے ہیں پھر پانچ سال بعد ہی صورت نظر آتی ہے لیکن پانچ سال تک ہمارے درمیان رہے۔ اُمید ہے کہ ہمیشہ حلقہ نامپلی کے عوام کے درمیان رہیں گے۔ ہمارے مسائل حل کرواتے رہیں گے۔ جس طرح آپ نے وقت بوقت غریب سلم علاقوں میں مدد کی ہے۔ خواتین نے بھی کہاکہ فیروز خاں وہ واحد شخص ہوں گے جو باتوں کے نہیں کام کے غازی ہوں گے۔ بڑی بڑی باتیں کرنے کے بجائے غریبوں کے مسائل کو حل کروائے جائیں تو سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انسان معاشی اعتبار سے مضبوط اور تعلیم سے آراستہ ہوجائے گا تو اسے کوئی نہیں ڈرا سکتا اور نہ ہی کسے سے ڈرنے کی ضرورت ہوگی۔ آج فیروز خان جیسے نوجوانوں کی سخت ضرورت ہے تاکہ ایک عظیم تبدیلی آسکے اور دیگر نوجوانوں میں سیاسی و سماجی شعور بیدار ہوسکے۔ ایسے میں فیروز خاں ہی اُمید کی کرن ہیں اس لئے جھوٹی باتیں اور کھوکھلے وعدے کرنے والے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔ نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں لیکن عوام کا ایک ہی نعرہ ہے ووٹ ہم دیں گے فیروز خان حلقہ نامپلی کو تبدیل کردیں گے۔ فیروز خان مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب آپ لوگ میرے ساتھ ہیں میری طاقت بھی حلقہ نامپلی کے عوام ہی ہیں، میں تنہا ہوں آپ کی دعائیں اور اللہ میرے ساتھ ہے۔ میں بیس سال کا سماجی خدمات کا ریکارڈ رکھتا ہوں۔ مقامی ہوں، تعلیم یافتہ ہوں، مجھے کامیابی سے ہمکنار ضرور کریں گے۔ دنیا دیکھے گی کہ حلقہ نامپلی کے عوام نے ساری ریاست کو نیا پیغام دیا ہے۔