بوگس رائے دہی نہ کرنے کا مشورہ ، امیدوار مظفر علی خاں کا بیان
حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز)اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے پرجاکوٹمی امیدوار محمد مظفرعلی خان نے عوام سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی او رکہاکہ حق رائے دہی ملک اور ریاستی کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ الیکشن کمیشن اور رضا کارانہ تنظیموں کی جانب سے رائے دہی کے تناسب میںاضافہ کی کوششیں کی جارہی ہیں جو قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ الیکشن کمیشن کروڑہا روپیوں کے مصارف سے انتخابات منعقد کرتا ہے تاکہ جمہوری نظام کو تقویت مل سکے اور شہری اپنے نمائندوں کے انتخاب کے ذریعہ اپنے مسائل کو ایوانوں تک پہنچاسکیں۔ جناب مظفرعلی خان نے کہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ میں تلگودیشم ‘کانگریس ‘ سی پی ائی اور تلنگانہ جنا سمیتی کا مشترکہ محاذ پرجاکوٹمی ہے اور اس محاذ نے ان کی سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر مشترکہ طور پر اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پچھلے نوسالوں سے اتحاد کے نام پر عوام کے ساتھ لوٹ کھسوٹ کرنے والے امیدوار ہیں۔ جناب مظفرعلی خان نے کہاکہ مخالف امیدوار کو محرومی کا خوف اس قدر بڑھ گیا ہے کہ چہارشنبہ کی شب کالا ڈیرھ میںایک آزادامیدوار کے گھر پر حملہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ مارپیٹ او رغنڈہ گردی جس کاشیوہ بنا ہوا ہے اس سیاسی جماعت سے ملک پیٹ کی عوام عاجز آچکی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حملے کے بعد مذکورہ آزاد امیدوار پر ہی قاتلانہ حملے کامقدمہ درج کرایاگیا۔ اس طرح کے ظلم وستم کے کئی واقعات آئے دن اسمبلی حلقہ ملک پیٹ میںرونما ہورہے ہیں۔ محمد مظفرعلی خان نے مبینہ طور پر کہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ میںمقامی جماعت کے قائدین اور کارکن شکست کے خوف سے بوگس ووٹروں کا بھی سہارا لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ملک پیٹ کے رائے دہندوں بالخصوص مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے والد اور شوہر کا نام بدل کر ووٹ ڈالنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ حق رائے دہی ہر شہری کے لئے ایک اہم فریضہ ہے جس کو پورا کرنا ضروری ہے۔آج سارے ملک کی نگاہیں تلنگانہ پر ٹکی ہوئی ہیں اور تلنگانہ کی عوام کا فیصلہ سکیولر طاقتوں کی مستقبل کی حکمت عملی کے تعین میں مددگار ثابت ہوگا۔ فرقہ پرستی ‘ ظلم وزیادتی اور ناانصافیوں کے خلاف متحد ہوکر ووٹ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جناب مظفرعلی خان نے ملک پیٹ کی عوام سے پھر ایک مرتبہ اپیل کی کہ صبح کے اولین ساعتوں میںاپنے اپنے پولنگ مراکز پر جائیںاور اپنے ووٹ کا استعمال سیکل کے نشان پر بٹن دباکر کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ای وی ایم مشین پر سیریل نمبر تین کے بٹن کو دباکر اسمبلی حلقہ ملک پیٹ سے پرجا کوٹمی کے امیدوار محمد مظفرعلی خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔