برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کو سبق سکھانے کا مشورہ، انجن کمار یادو و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی ایم انجن کمار یادو کی قیادت میں کل سے اسمبلی حلقہ خیریت آباد میں گھر گھر کانگریس پروگرام کا آغاز ہوا ۔ اس پروگرام میں تلنگانہ کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے صدر نشین ملو بٹی وکرامارک سکریٹریز اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور بوس راجو ، سلیم احمد ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے شرکت کی اور عوام سے ملاقات کی ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں سے واقف کراتے ہوئے آئندہ انتخابات میں کانگریس کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ انجن کمار یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت 2014 ۔ 2004 تک گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ ، آوٹر رنگ روڈ ، میٹرو ریل ، ایکسپریس ہائی وے ، فلائی اوورس ، دریائے گوداوری ، دریائے کرشنا کا پانی ، حیدرآباد منتقل کرنے کے علاوہ مزید کئی کام کئے گئے ۔ پرانے شہر کی ترقی کے لیے 2 ہزار کروڑ روپئے پیاکیج دیا گیا ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں شہرکی ترقی ٹھپ ہو کر رہ گئی ۔ کانگریس کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت اس کو اپنا کارنامہ قرار دینے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے ۔ شہر میں ابھی تک ایک بھی نیا فلائی اوور تعمیر نہیں کیا گیا ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر نے سیاسی مفادات کے لیے سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے ۔ انجن کمار یادو نے کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کی راہ ہموار کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔۔