حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈ دوگنا کردیا گیا ‘ چیف منسٹر کا اقدام

ارکان اسمبلی کی اپیل پر فیصلہ ۔ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے عہدیداروں کو کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی اپیل کو قبول کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈ میں دوگنا اضافہ کرتے ہوئے 3 کروڑ روپئے کرنے اور ارکان اسمبلی کو ہی سارا فنڈ خرچ کرنے کا اختیار دینے سے اتفاق کیا ۔ سرکاری تقاریب میں ارکان اسمبلی کے پروٹوکال پر سختی سے عمل آوری کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ تصرف بل پر مباحث سے قبل قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ نئی ریاست قائم ہوئی ہے ۔ لہذا وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اسمبلی حلقہ ترقیاتی فنڈز میں دو گنا اضافہ کریں اور ساتھ ہی پارلیمنٹ کے طرز پر سارے فنڈز کو خرچ کرنے کا اختیار ارکان اسمبلی کو دیا جائے ۔ اب تک 50 فیصد فنڈز ارکان اسمبلی کو اور 50 فیصد فنڈز استعمال کرنے کا اختیار متعلقہ اضلاع انچارج وزراء کو ہے ۔ وہ چیف منسٹر سے اپیل کرتے ہیں ان کی اس تجویز پر عمل کریں اور ایک نئی مثال قائم کریں ۔ ایوان میں موجود تمام ارکان کی بھی یہی رائے ہے  انہیں امید ہے کہ چیف منسٹر اس پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈز کو دیڑھ کروڑ سے بڑھا کر 3 کروڑ کریں گے ۔ ایوان میں موجود دوسرے ارکان نے 5 کروڑ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی بی جے پی کے فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن ، وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی وینکٹیشورلو ، سی پی آئی کے رکن اسمبلی رویندر کمار تلگو دیشم کے رکن ایس وینکٹ ویریا وغیرہ نے قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کے تجویز کی تائید کی اور سرکاری تقاریب میں متعلقہ ارکان اسمبلی کو نظر انداز کرنے کی شکایت کرتے ہوئے اس کا ازالہ کرنے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے قائد اپوزیشن جانا ریڈی کے علاوہ دوسرے ارکان اسمبلی کی اپیل پر حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈز کو بڑھاکر 2 کروڑ کرنے کا اعلان کیا لیکن تمام ارکان بالخصوص حکمران جماعت کے ارکان نے کم از کم دو گنا اصافہ کرنے کا مطالبہ جس پر چیف منسٹر حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈز کو دیڑھ کروڑ سے بڑھا کر تین کروڑ کرنے سے اتفاق کیا اور ساتھ ہی پارلیمانی نظام کے طرز پر جس طرح ارکان پارلیمنٹ کو اپنا ترقیاتی فنڈز کرنے کے اختیارات ہیں وہی تمام اختیارات ارکان اسمبلی کو سپرد کرنے کا اعلان کیا ۔ ساتھ ہی اسمبلی حلقہ جات میں سرکاری تقاریب میں ارکان اسمبلی کے پروٹول کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروٹوکال پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے معاملے میں ڈپٹی اسپیکر نگران کار رہیں گی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کے وہ پروٹوکال کا خاص خیال رکھیں اور متعلقہ ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ دیگر منتخب عوامی نمائندوں کو مدعو کریں ۔ تمام ارکان نے حلقہ ترقیاتی فنڈ میں دو گنا اضافہ کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔۔