حیدرآباد /19 جون (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کے قائدین، شوبھا ناگی ریڈی کی مخلوعہ نشست پر پارٹی کی اعزازی صدر وجیہ اماں کو امیدوار بنانے جگن موہن ریڈی پر دباؤ ڈال رہے ہیں، جب کہ شوبھا ناگی کے ارکان خاندان بھی مقابلہ کے خواہش مند ہیں۔ واضح رہے کہ انتخابی مہم کے دوران حلقہ اسمبلی الاگڈہ (ضلع کرنول) کی وائی ایس آر کانگریس امیدوار مسز شوبھا ناگی ریڈی ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہو گئی تھیں، تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابات کو ملتوی کرنے کی بجائے یہ اعلان کیا کہ اگر شوبھا ناگی ریڈی کامیاب ہوتی ہیں تو دوبارہ ضمنی انتخاب کروایا جائے گا۔ عوام نے شوبھا ناگی کو کامیاب بنایا، جس کی وجہ سے اس حلقہ میں ضمنی انتخاب یقینی ہو گیا ہے۔ پارٹی کے جائزہ اجلاس میں کئی قائدین نے صدر وائی ایس آر کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ وجیہ اماں کو حلقہ اسمبلی الاگڈہ سے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار بنائیں، لیکن جگن موہن ریڈی نے اس سلسلے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ذرائع کے بموجب جگن نے دباؤ ڈالنے والے قائدین سے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ہی وہ اس مسئلہ پر غور کریں گے۔ واضح رہے کہ وجیہ اماں نے حالیہ عام انتخابات میں حلقہ لوک سبھا وشاکھا پٹنم سے مقابلہ کیا تھا، تاہم ان کو بی جے پی امیدوار نے شکست دے دی۔