نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں آج شام حلف برداری کے بعد رات میں ہی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے صدر کرغزجمہوریہ کے صدر سورنبائ جینبکوف کے ساتھ باہمی میٹنگ کریں گے جبکہ دیگر مہمانوں سے کل صبح ان کی باہمی خیرسگالی میٹنگ ہوگی ۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب کے شروع ہونے کے دس منٹ پہلے چھ بج کر 50 منٹ پر غیر ملکی مہمان راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں پہنچیں گے ۔ شام سات بجے حلف برداری کی تقریب شروع ہوگی۔رات نو بجے تمام غیر ملکی سیاستداں صدر رام ناتھ کووند کے ذریعہ منعقدضیافت میں شامل ہوں گے ۔ اس کے فوراً بعد تقریباً دس بجے راشٹرپتی بھون میں ہی مسٹر مودی کی کرغیز جمہوریہ کے صدر کے ساتھ باہمی ملاقات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو صبح ساڑھے دس بجے حیدرآباد ہاؤس میں مسٹر مودی سب سے پہلے بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحمید سے ملیں گے ۔اس کے بعد وہ بالترتیب سری لنکا کے صدر میتري پال سریسینا، ماریشس کے وزیر اعظم پروند جگن ناتھ، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما ولی اور بھوٹان کے وزیر اعظم ڈاکٹر لوتے شیئرنگ سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر اعظم میانمار کے صدر یو ون منت سے بھی ملیں گے ۔مسٹر مودی نے خلیج بنگال پہل برائے کثیر شعبہ جاتی تکنیکی و اقتصادی تعاون (بمسٹیک )کے رکن ممالک بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا، میانمار اور تھائی لینڈ کے علاوہ کرغزجمہوریہ اور ماریشس کے لیڈروں کو تقریب میں مدعو کیا ہے ۔