حلب کی صورتحال تباہ کن : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے رابطہ کار ژاں ایگلینڈ نے کہا ہے کہ شام کے شہر حلب میں گذشتہ دو دن میں صورتحال انتہائی تباہ کن ہو چکی ہے اور حکومت اور ’غیر جہادی‘ جنگجوؤں کے مابین 27 فرروی سے جاری جنگ بندی اب برائے نام ہی رہ چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے رابطہ کار ژاں ایگلینڈ نے کہا کہ شام میں انسانی امداد میں شریک کارکنوں پر بمباری ہو رہی ہے اور اگلے چند دن شام میں لاکھوں لوگوں کو مہیا کی جانے والی انسانی امداد کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ شام میں جاری حالیہ تشدد کے بعد اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام فروری میں ہونے والا جنگ بندی کا معاہدہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ شام کے بارے میں اقوام متحدہ کے ایلچی سٹیفن ڈی مستورا نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی افواج اور ’غیر جہادی‘ جنگجوؤں کے مابین 27 فرروی سے جاری جنگ بندی اب برائے نام ہی رہ گئی ہے۔ ڑاں ایگلینڈ نے کہا ہے کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ پچھلے دو دنوں میں حلب شہر میں صورتحال انتہائی بگڑ چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انسانی امداد اور فلاحی صحت سے منسلک کارکن بمباری میں مارے جار ہے ہیں اور اس سے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ عالمی تنظیم کے مطابق اس کے زیرِ انتظام چلنے والے القدس ہاسپٹل میں ہونے والی ہلاکتوں میں حلب شہر کے ایک ماہر امراض بچگان بھی شامل ہے۔