حقیقی جذبہ خدمت کے امیدوار کو منتخب کریں

چیوڑلہ پارلیمانی و شیر لنگم پلی اسمبلی امیدوار سید حشمت اللہ قادری کی اپیل

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : جناب سید حشمت اللہ قادری صدر تلنگانہ ریجنل انڈین یونین مسلم لیگ کمیٹی نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ واضح رہے کہ جناب سید حشمت اللہ قادری حلقہ پارلیمنٹ چیوڑلہ کے علاوہ شیر لنگم پلی اسمبلی حلقہ سے بھی مقابلہ کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ انہوں نے اپنی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دیتے ہوئے اپنی منفرد انداز کی مہم شروع کردی ہے ۔ چیوڑلہ پارلیمنٹ حلقہ کے تحت آنے والے اسمبلی حلقہ جات جیسے چیوڑلہ ، پرگی ، تانڈور شیر لنگم پلی ، وقار آباد میں دورہ کرتے ہوئے عوام کی دہلیز تک پہونچ کر ان کے بنیادی مسائل سے واقفیت حاصل کررہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ رائے دہندوں کو ووٹ کے فیصد میں اضافہ اور حقیقی عوامی خدمت گذاروں کو منتخب کرنے کی خواہش کررہے ہیں ۔ انہوں نے رائے دہندوں کو انڈین یونین مسلم لیگ کے تعلق سے مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تمل ناڈو ، کیرالا اور آسام میں لیگ کے کئی ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ منتخب ہو کر مذکورہ ریاستوں اور مرکزی حکومت میں وزارت کے اہم عہدوں پر برقرار رہ کر قوم اور ملک کی بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اسی بنیاد پر وہ بھی عوام کے درمیان خدمت کے جذبہ کے تحت مجوزہ انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چوں کہ وہ گذشتہ بیس سال سے وہ ریاست کی سیاست سے اچھی طرح واقفیت رکھتے ہیں جس کی بنیاد پر وہ عوام کے مسائل کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں ۔ انہوں نے 17 اپریل کو شاہین نگر ، بسم اللہ کالونی ، دبیر پورہ ، مستان پلی ، گریپور ، بالا پور ، کتہ پیٹ ، جل پلی ، مامڑ پلی کے علاوہ دیگر مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ان کے انتخابات کو ممکن بنایا گیا تو وہ عوام کی ضروریات کو قلیل عرصہ میں ڈھیر سارے کام انجام دیں گے ۔ عوام موجودہ قائدین کی کارکردگی سے غیر مطمئن اور بیزار ہیں ۔ جناب سید حشمت اللہ قادری نے رائے دہندوں کو بتایا کہ ماضی میں آپ کا قیمتی ووٹ جن کے حق میں استعمال کیا گیا تھا وہ رائیگاں ثابت ہوا جس کا انجام آپ کے سامنے ہے لہذا تلنگانہ ریاست میں پہلی مرتبہ منعقد شدنی مجوزہ انتخابات کافی اہمیت کے حامل ہیں ، ایسے میں اپنے ووٹ کا سونچ سمجھ کر استعمال کریں اور ماضی کے حالات کے مماثل مستقبل میں دوبارہ اپنے محلہ جات اور زندگیوں کو تاریک نہ بنائیں بلکہ سرکاری اسکیمات ، راشن کارڈس ، برقی پانی ، ڈرینج نظام میں بہتری کے ساتھ ساتھ معمولی بستیوں کو ماڈل بستیوں میں تبدیل کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ کیوں کہ اگر سنجیدہ خدمت کرنے والا شخص اگر منتخب ہونے سے رہ جاتا ہے تو اپنے مسائل جوں کہ توں برقرار رہیں گے ۔ پیدل دورہ اور عوام سے ملاقات کے دوران رائے دہندوں نے ان کی سونچ کا خیر مقدم کیا اور والہانہ استقبال کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ اس دورہ میں ان کے ہمراہ سینکڑوں انڈین یونین مسلم لیگ کے کارکنوں ، حامیوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد شریک تھی جس میں قابل ذکر مسرس جیلانی ، سید یونس ، سالم حمیدی ، یوسف ، ثمینہ بیگم اور دیگر شامل تھے ۔۔