کراچی۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی طالبان نے آج حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ نامور سماجی حقوق کارکن سبین محمود کے قتل کی ذمہ دار ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محموخراسانی نے ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ اپنے بیان میں واضح طور پر سبین محمود کے قتل میں پاکستانی طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے سرکاری محکموں کو اس قتل کا ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک طالبان پاکستان کے سراع رسانی شعبہ کی اطلاع کے بموجب سرکاری محکمہ 40سالہ سبین محمود کے قتل کے ذمہ دار ہیں جو جمع کی رات کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء کارگذار صدر رضا ربانی نے محمود کے قتل کو آزادی تقریر اور آزادی اظہار خیال پر حملہ قرار دیا ہے اور سبین محمود کی موت کو کراچی کیلئے زبردست نقصان قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت سندھ کو خاطیوں کو گرفتار کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر انسانی ہلاکت کا کوئی بھی جواز نہیں ہوسکتا ۔ پوری قوم سبین محمود کے خاندان کے ساتھ ہے ‘ جسے اس قتل سے صدمہ پہنچا ہے ۔ربانی نے صوبائی عہدیداروں سے اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور چیف منسٹر سندھ قائم علی شاہ کو ہدایت دی ہے کہ خاطیوں کو اندرون تین دن گرفتار کیا جائے ۔ سبین محمود کو نامعلوم بندوق بردار نے اُس وقت گولی مار کر ہلا کردیا تھا جب وہ انسانی حقوق کے استحصال کے موضوع پر ایک سمینار سے واپس ہورہی تھیں ۔