حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ درخواستوں کا انبار

حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): حقوق انسانی کمیشن میں ہر روز درخواستوں کا اضافہ ہورہا ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں سے متاثرین انصاف کے لیے حقوق انسانی کمیشن کے دفتر واقع حیدرآباد کا رخ کررہے ہیں اور روزانہ مختلف حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں سے متعلق کمیشن میں 60 ۔ 70 درخواستیں آر ہی ہیں مگر دونوں ریاستوں کے دور دراز علاقوں سے آنے والے متاثرین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ گزشتہ کئی برسوں سے کمیشن کے صدر نشین اور اراکین کے تقررات ہی نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے صرف کمیشن کے سکریٹری کو ہی چند درخواستوں کی یکسوئی کرنا پڑرہا ہے ۔ دراصل بات یہ ہے کہ کمیشن کے سکریٹری کو مکمل اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے وہ تمام درخواستوں کی یکسوئی نہیں کرپارہے ہیں بلکہ وہ صرف متاثرین سے درخواستیں حاصل کر کے یکسوئی کے لیے تواریخ مقرر کررہے ہیں ۔ یعنی ایک درخواست کی یکسوئی کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جارہا ہے اور اگر سکریٹری رخصت پر چلے جائیں تو کمیشن کا بنچ بند کردیا جاتا ہے اور مجبورا کورٹ افسر کو ہی آئندہ سماعت کی تواریخ کا تقرر کرنا پڑتا ہے جب کہ موجودہ سکریٹری کے عہدے کی میعاد 31 اکٹوبر کو ختم ہونے والی ہے لہذا ان کی سبکدوشی کے بعد کمیشن کا کون پرسان حال ہوگا پتہ نہیں۔۔