حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ اجمیر شریف کیلئے حکومت تلنگانہ سے غلاف مبارک تیار

تیاری پر ایک لاکھ 73 ہزار کا خرچ، نذرانہ بھی پیش کیا جائیگا، جناب سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد۔/7مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ اجمیر کو پیش کیا جانے والا غلاف مبارک تیار ہوچکا ہے۔ایک لاکھ 73 ہزار روپئے کے خرچ سے غلاف تیار کیا گیا جس پر قیمتی زری کا کام کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کیلئے اجمیر شریف میں حاضری کی منت کی تھی۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر خصوصی غلاف تیار کیا گیا جس کیلئے ڈھائی لاکھ روپئے کا بجٹ رکھا گیا تھا تاہم اس کی تیاری پر ایک لاکھ 73ہزار کا خرچ آیا ہے۔ شہر کے ایک مشہور غلاف تیار کرنے والے شخص کو یہ کام سونپا گیا تھا۔ غلاف کی تیاری کے بعد اسے چیف منسٹر کو پیش کیا جائے گا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ڈھائی لاکھ روپئے مالیت سے غلاف کی تیاری اور ڈھائی لاکھ روپئے بطور نذرانہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ چیف منسٹر کو غلاف کا مشاہدہ کرانے کے بعد اس کی روانگی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی یا پھر اقلیتی بہبود کے عہدیدار اجمیر پہنچ کر درگاہ شریف پر غلاف پیش کریں گے۔ چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد اس پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت اجمیر میں تلنگانہ کے زائرین کیلئے خصوصی بھون کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے اس سلسلہ میں ایک ایکر اراضی فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو چیف منسٹر تلنگانہ نے مکتوب روانہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حال ہی میں وسندھرا راجے سے ملاقات کرتے ہوئے شخصی طور پر چیف منسٹر کا مکتوب حوالے کیا۔ تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کے مسئلہ پر دوبارہ راجستھان حکومت کی توجہ دہانی کیلئے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی ٹیم بہت جلد راجستھان کا دورہ کرے گی۔ توقع ہے کہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے ساتھ اس غلاف کو اجمیر شریف روانہ کیا جائے گا۔ دیوان اجمیر سید زین العابدین کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ڈھائی لاکھ روپئے بطور نذرانہ پیش کئے جائیں گے۔