حضرت جلال الدین شاہ جمال البحر رحمۃ اللہ علیہ

حضرت حافظ جلال الدین قادری جمال البحر رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ۷؍ رجب المرجب ۸۹۶ھ کو بغداد شریف میں ہوئی۔ آپ نے سمندری سفر زیادہ کئے، اس لئے آپ کا خطاب جمال البحر پڑ گیا اور آپ کو روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے معشوق ربانی کا خطاب ملا۔ آپ کے والد کا نام حضرت شاہ عبد القادر قادری ثانی تھا، جو علم و فضل میں کمال رکھتے تھے۔ آپ نے صغر سنی ہی میں اپنی والدہ ماجدہ سے کلام پاک حفظ کیا، والد محترم سے مختلف علوم میں استفادہ کیا اور بارہ سال کی عمر میں فارغ التحصیل ہوئے۔ حضرت کا خاندان شمع علم سے روشن تھا، اس لئے تحصیل علم کے لئے آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں تھی۔
حضرت معشوق ربانی کے والد اور پیر و مرشد آپ کو ہمیشہ اپنے ساتھ ذکر و شغل کے حلقہ میں شریک کرکے فیوض باطنی سے سرفراز فرماتے رہے، اس طرح آپ علوم ظاہری کے بعد علوم باطنی کے حصول میں مصروف ہو گئے اور بہت ہی قلیل مدت میں کمال حاصل کرلیا۔ آپ اپنے والدین کی اجازت سے ۹۱۲ھ میں بغداد سے مکہ معظمہ تشریف لے گئے اور ادائیگی حج کے بعد روضۂ اطہر کی زیارت کے لئے مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔ اس وقت آپ کی عمر شریف ۱۶سال تھی۔ قیام مدینہ منورہ کے دوران آپ کی ملاقات کئی مشائخ و صوفیۂ کرام سے ہوئی اور وہاں کے درس و تدریس کے حلقوں میں بھی آپ شریک ہوئے۔ بعد ازاں آپ حضور سرور دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے ہندوستان تشریف لائے اور ورنگل میں قیام پزیر ہوئے۔
حضرت معشوق ربانی نے ابتداء میں موضع سومارم کی پہاڑی پر قیام فرمایا، بعد ازاں قاضی پورہ (موجودہ بستی عرس جاگیر) تشریف لائے۔ آپ برسوں رشد و ہدایت کا نور پھیلاتے ہوئے ۲۲؍ رجب المرجب ۹۹۹ھ کو اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ آپ کا عرس شریف ۲۱؍ تا ۲۴؍ رجب المرجب منایا جاتا ہے، جس میں ہزاروں زائرین شریک ہوکر فیوض و برکات