حصول فوڈ سیکوریٹی کارڈ دشوار کن مرحلہ

دفاتر سیول سپلائز میں کام سست روی کا شکار ، سینکڑوں درخواست گذار پریشان حال
حیدرآباد۔23مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں فوڈ سکیورٹی کا حصول عوام کے لئے مشکل مرحلہ بنتا جارہا ہے۔ پرانے شہر کے تمام سیول سپلائی دفاتر میںعوام کا ہجوم نظر آرہا ہے اور کئی دنوں سے لوگ ان دفاتر کا چکر کاٹنے کے باوجود سیول سپلائی کارڈ کے حصول سے محروم ہیں ۔متعلقہ عہدیداروں اور یف ایس سی کارڈ کا آن لائن اندراج کرنے والے عملے کے مطابق یومیہ ایک ہزار تا گیارہ سوکارڈ آن لائن کے لئے داخل کئے جارہے ہیںاور ایک سے زائد لوگ اندراج کے کام پر معمور کئے جانے کے باوجود سست رفتاری سے کام کیاجارہاہے ایسا درخواست گذاروں کا کہناہے اندراج کے بعد ان لائن دستیاب کارڈ میں نام‘ عمر اور صنف کے اندراج میں کافی غلطیاں بھی سامنے آرہی ہیں۔ بیشتر سیول سپلائی دفاتر میں داخل کردہ درخواستیں کوڑا کرکٹ کی طرح پھینک دی گئی ہیںبالخصوص پرانے شہر کے سیول سپلائی دفاتر میںمتعلقہ عملہ فوڈ سکیورٹی کارڈ کی اجرائی میں کوتاہی برت رہا ہے جس کے سبب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ چاول اور دیگر اشیاء جو کم قیمت پر عوام کو دی جارہی ہیں اس سے پرانے شہر کا غریب طبقہ محروم دکھا ئی دے رہا ہے۔ پرانے شہر کے سیول سپلائی دفاتر میں درخواست گذاروں میںبرقعہ پوش خواتین کی کثیرتعداد دیکھائی دے رہی ہے جو اپنا گھر ، امور خانہ داری کی ذمہ داریوں کوچھوڑ کر دن بھر فوڈ سکیورٹی کارڈکے حصول کے لئے قطار میںکھڑی ہوئی دکھائی دے رہے ہیںجن میں معمر خواتین بزرگ مرد حضرات بھی ہیں۔سیول سپلائی کی دوکانیں( راشن شاپس) پر اناج ہر ماہ کی دس تا پچیس تاریخ کے درمیان میںہی دستیاب رہتا ہے ایسے میں کارڈس کی اجرائی میں تاخیرپرانے شہر کے غریب خاندانوں کے لئے اناج سے محرومی کی وجہہ بھی بن رہا ہے۔حکومت بالخصوص محکمہ سیول سپلائی کے ذمہ داران کو اس ضمن میں خصوصی توجہہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کی غریب عوام کے لئے مختص کردہ فلاحی اسکیمات سے غریب عوام کو مستفید کیا جاسکے۔