حصول اراضی بِل کی بہرصورت مخالفت کی جائے گی : شیوسینا

ممبئی 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حصول اراضی قانون کے خلاف اپنی مزاحمت میں شدت پیدا کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ وہ پوری شدت سے بِل کی مخالفت کرے گی اور کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچانے کے اس گناہ کا ارتکاب ہونے نہیں دے گی۔ کسی بھی صورت میں اقتدار کا بیجا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بل کو ایک ’’خطرناک‘‘ قانون قرار دیتے ہوئے کہ اس کے نافذ العمل ہونے سے کسانوں کا بے موت خاتمہ ہوجائے گا۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی کی حلیف پارٹی نے کہاکہ حکومت جنتر منتر پر جمع کسانوں کی جدوجہد کی توہین کرتے ہوئے ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھے گی، حکومت کو اپنے فیصلہ پر غور کرنا ہوگا۔ انا ہزارے کی قیادت میں دہلی میں گزشتہ 3 دن سے کسانوں کا احتجاج ہورہا ہے۔ اس احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے حکومت نے طاقت کا استعمال کیا ہے۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا میں ایک ادارہ لکھتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس حکومت نے ہر ایک کو صدمہ سے دوچار کردیا ہے۔ آرڈیننس لاکر حکومت اپنی من مانی کرنا چاہتی ہے

لیکن ہم حکومت کو بہرصورت بل منظور کرانے نہیں دیں گے۔ ہم اس کی شدت سے مخالفت کرتے ہیں۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ حکومت کسانوں کی قیمتی اراضیات حاصل کرکے اُنھیں کارپوریٹس میں تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ اس طرح حکومت کسانوں کی زمین کو ہڑپ کر اس پر کارپوریٹس کی کمپنیاں قائم کرنا چاہتی ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا حکومت ان غریب کسانوں کی اراضی کا سودا کرکے رئیل اسٹیٹ ایجنٹ کا رول ادا کررہی ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ کسانوں پر قرض کا بوجھ ہے۔ ان کو قرض سے راحت دلانے کے بجائے حکومت ان کی اراضیات کو ہڑپنے کے منصوبے پر عمل کررہی ہے۔ ہم کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچانے والے گناہ کے ارتکاب سے اس حکومت کو روکیں گے۔ شیوسینا کے صدر اودھاؤ ٹھاکرے نے کل اپنی پارٹی کے ورکرس سے کہا تھا کہ ریاست کے کسانوں کو مطلع کیا جائے کہ یہ حصول اراضی بل خطرناک ہے۔ ان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ بل کو موجودہ شکل میں پیش کیا گیا تو مستقبل میں عوام کو غذائی سلامتی کے لئے دوڑ دھوپ کرنی پڑے گی۔ عوام کو واقف کروایا جانا چاہئے کہ ہم نے ان کے حق میں ہی آواز اُٹھائی تھی اور اس کے مضر اثرات سے عوام کو واقف کروایا تھا۔ شیوسینا کے سینئر لیڈر سبھاش دیسائی نے کہاکہ کسانوں کو اس بل کے خلاف بیدار کیا جائے گا۔

حصول اراضی بِل کسانوں کیساتھ بی جے پی پیانل کی مشاورت
نئی دہلی 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پیانل نے حصول اراضی بِل کے مسئلہ پر کسانوں سے مشاورت شروع کی ہے۔ کسانوں کے حق میں اس بل کے مضرت رساں ہونے کے اندیشوں کے تحت بی جے پی حکومت نے تجاویز حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پیانل کے ارکان نے کسانوں کے ایک گروپ سے بات چیت کی۔ 8 رکنی کمیٹی کے کنوینر سابق مرکزی وزیر ستیہ پال ملک نے کہاکہ ہم نے کسانوں کی یونینوں اور زرعی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی اور ان سے حصول اراضی بِل کے بارے میں ان کی رائے دینے کی خواہش کی اور کہاکہ انھیں اس بِل کے کس فقرہ پر اعتراض ہے۔اُنھوں نے کہاکہ ہم اپنی پارٹی کے صدر کو مکمل صورتحال سے واقف کروائیں گے۔