حصول اراضی آرڈیننس کی شدید مخالفت ، فوری دستبرداری کا مطالبہ

سی پی آئی کا چلو راج بھون و جیل بھرو احتجاج ، قائدین گرفتار و رہا ، حکومت کو انتباہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کی جانب سے قانون حصول اراضی سے متعلق جاری کردہ آرڈیننس کے خلاف بطور احتجاج سی پی آئی کے زیر اہتمام آج یہاں بڑے پیمانے پر چلو راج بھون ریالی اور جیل بھرو پروگرام منظم کیا گیا جن کی قیادت ریاستی سکریٹری سی پی آئی مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے کی ۔ اس موقع پر ریاستی اراکین عاملہ سی پی آئی شریمتی بی وی وجئے لکشمی ، مسٹر وی ایس بھوش ، ریاستی صدر سی پی آئی شعبہ خواتین شریمتی چھایہ دیوی ، سٹی سکریٹری مسٹر ای ٹی نرسمہا ، سٹی اراکین عاملہ مسرز آر شنکر نائک ، کے یادگیری ، صدر تلنگانہ اے آئی ایس ایف مسٹر اسٹالن کے علاوہ دیگر سی پی آئی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر احتجاجیوں کی جانب سے خیریت آباد تا راج بھون منظم کردہ ’ چلو راج بھون ‘ ریالی کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے خیریت آباد چوراہے پر گرفتار کر کے انہیں شخصی ضمانتوں پر رہا کردیا ۔ قبل ازیں چاڈا وینکٹ ریڈی نے ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ قانون حصول اراضی پر آرڈیننس کے ذریعہ غریب کسانوں سے جبراً اراضی حاصل کر کے سرمایہ داروں اور کارپوریٹ شعبوں کے حوالے کرنے کی کوشش کررہی ہے جو انتہائی نامناسب امر ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر قانون حصول اراضی سے متعلق جاری کردہ آرڈیننس سے دستبرداری اختیار کرلیں ۔ بصورت دیگر سی پی آئی کی جانب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے ۔۔