حصول اراضیات بل کے خلاف کانگریس کی سخت مزاحمت

نیمچھ ( مدھیہ پردیش ) 2 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کردہ مخالف کسان حصول اراضیات بل کے خلاف سختی سے مزاحمت کریگی اور اس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ سونیا گاندھی نے مدھیہ پردیش میں حالیہ بارش اور غیر موسمی ہواؤں سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کئی گاووں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حصول اراضیات بل کسان مخالف ہے ۔ ہم اس پر شدید احتجاج کر رہے ہیں اور احتجاج کا سلسلہ جایر رہے گا ۔ سونیا گاندھی اس بل کے خلاف اپوزیشن کی جدوجہد میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال کانگریس اقتدار میں نہیں ہے لیکن پارٹی کسانوں کیلئے جدوجہد کریگی اور اس مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ کانگریس صدر نے مطالبہ کیا کہ حصول اراضیات سے متعلق سابقہ یو پی اے حکومت نے جو قانون تیار کیا تھا اسی پر عمل آوری کی جائے جس کی خود بی جے پی نے تائید کی تھی ۔ انہوں نے گاووں کے دورہ کے موقع پر متاثرہ کسانوں سے ملاقات کی اور ان کے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ سونیا گاندھی نے مطالبہ کیا کہ مرکز اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومتیں کسی امتیاز کے بغیر کسانو کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مودی اور شیوراج سنگھ چوہان حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہیں کہ کسانوں سے کسی طرح کا امتیاز نہ کیا جائے اور ان کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو کسان پریشان ہیں اور جن کے نقصانات ہوئے ہیں وہ بہت زیادہ ہیں اور ابھی تک حکومتوں کی جانب سے کسانوں کے نقصانات کا جائزہ لینے تک کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہیں کسی طرح کا معاوضہ تک نہیں دیا گیا ۔ کانگریس صدر نے کئی متاثرہ کھیتوں کا خود معائنہ کیا اور تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ حالانکہ مرکز اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومتیں نہیں ہیں لیکن پارٹی عوام کے ساتھ ہے ۔ پارٹی عوام اور کسانوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کریگی اور اس بات کو یقینی بنائیگی کہ کسانوں کو معاوضہ دیا جائے ۔ کسانوں نے سونیا گاندھی کو اپنے نقصانات سے واقف کروایا ۔