حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( آئی این این ) : تلنگانہ کے چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے شہر کے خوبصورت جھیل حسین ساگر کے کنارے سنجیویا پارک پر دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کو آج منظوری دیدی ۔ چیف منسٹر نے حسین ساگر جھیل کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کیا جو پانچ گھنٹوں تک جاری رہا ۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری راجیو شرما کے بشمول دیگر کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ عہدیداروں نے نقشوں کے ساتھ ایسی جائیدادوں کی نشاندہی کی جہاں بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حسین ساگر جھیل کے اطراف و اکناف کے منتخب علاقہ کو 100 ایکڑ تک وسعت دیتے ہوئے 40 مقامات پر بلند عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔ ان مقامات اور عمارتوں میں بدھا بھون ، رانی گنج بس ڈپو ، نشیبی ٹینک بنڈ ، کندن باغ ، پاتی گڈا ، کشتی رانی کلب ، یوتھ ہاسٹل ، راگھوسدن ، نرسنگ کالونی ، دلکشا گیسٹ ہاوز ، گرین لینڈ گیسٹ ہاوز ، ایم ایل ایز کوارٹرز ( جدید ) ، الیکٹرسٹی بھون ، ٹکسٹ بک پرنٹنگ پریس ، ریڈی ہاسٹل ، بواگولہ رام کرشنا راؤ بلڈنگ ، ایکسپوٹل اور اسنو ورلڈ بھی شامل ہیں ۔ یہ تمام جائیدادیں چونکہ ریاستی حکومت کی مملوکہ جائیدادیں ہیں اور ان سے متعلق کوئی تنازعہ بھی نہیں ہے چنانچہ چیف منسٹر کو بلا کسی رکاوٹ اپنے منصوبہ پر عمل آوری کی امید ہے ۔ تاہم چیف منسٹر نے یہ بھی واضح کردیا کہ تمام تر تعمیراتی کام حسین ساگر کے علاقہ کے باہر ہی جاری رہیں گے ۔ مزید برآں حسین ساگر جھیل میں موریوں اور ڈرینج کے پانی کے بھاؤ دیگر اقسام کی آلودگی کو روکنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ حسین ساگر میں پہونچنے والے ڈرینج کے پانی کا دوسرے علاقہ کی سمت رخ موڑنے کے لیے علحدہ نالوں کی تعمیر کے آغاز سے مقصد سے ٹنڈرس طلب کئے جائیں ۔ اس کام پر 100 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے عوام کے منتخب نمائندوں اور گنیش اتسو سمیتی کے عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ انہیں حسین ساگر جھیل میں گنیش نمرجن کو روکنے کے لیے رضامند کروایا جاسکے ۔ کے سی آر نے کہا کہ اس ( حسین ساگر ) کے بجائے قریب ہی ایک نئی جھیل ونائک ساگر تعمیر کی جائے گی جہاں گنیش مورتیوں کا نمرجن کیا جاسکتا ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ حسین ساگر جھیل کی تہہ سے پوری ریت نکالی جائے گی اور جھیل کی اصل گہرائی سے بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس طرح بہر قیمت حسین ساگر جھیل کی صفائی کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے ریاستی چیف سکریٹری راجیو شرما کی قیادت میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس میں سینئیر آئی اے ایس افسران ایس کے جوشی ، پیٹر ریمنڈ اور ناگی ریڈی بحیثیت ارکان شامل ہیں ۔۔