بوٹ کلب ‘ سنجیویا پارک ‘ نکلس روڈ ‘ لمبنی پارک اور ٹینک بنڈ کا احاطہ ‘ علاقہ کو سیاحتی مرکز بنانے کے اقدامات
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) حسین ساگر کے اطراف مونو ریل کے منصوبہ کو تقریباً قطعیت دی جاچکی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے محکمہ سیاحت کی جانب سے حسین ساگر کو ریاست کے مرکزی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ سیاحت نے حسین ساگر کے قریب مونو ریل کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کی منظوری کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ حسین ساگر کے اطراف موجود بوٹ کلب ‘سنجیوا پارک ‘نکلس روڈ ‘لمبنی پارک ‘ ٹینک بینڈ پر یہ مونو ریل چلائی جائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے حسین ساگر کے علاقہ کو مرکزی سیاحتی علاقہ کے طور پر فروغ دینے کیلئے سابق میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور اب صدر نشین تلنگانہ محکمہ سیاحت مسٹر پی راملو اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کرچکے ہیں ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 7 تا 8 کیلو میٹر پر محیط مونو ریل پراجکٹ کی تکمیل کیلئے تقریباً 200 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے اور پراجکٹ کی تخمینی لاگت کا بھی اندازہ لگایا گیا ہے ۔ مسٹر پی راملو کے بموجب حکومت نے حسین ساگر کے قریب دنیا کی بلند ترین عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس فیصلہ کے بعد اس علاقہ کو تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دیا جانا بھی ضروری ہے کیونکہ اس علاقہ پر دنیا بھر کی نظریں ہوں گی اور سیاحوں کی دلچسپی کا باعث یہ علاقہ بنا رہے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی سیاحتی‘ ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے نہ صرف مونو ریل کے منصوبہ کو قطعیت دی گئی ہے بلکہ بنجارہ ہلز پر واقع کے بی آر پارک کے قریب میں ’’لندن آئی‘‘ کے طرز کی علامت تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے تا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔مونو ریل کے آغاز کی صورت میں ٹینک بینڈ ‘نکلس روڈ ‘سنجیوا پارک ‘ این ٹی آر گارڈن کے اطراف کے علاقوں میں زبردست تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور شہریان حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات سے بغرض تفریح شہر پہنچنے والوں کو حسین ساگر کے اطراف بہترین تفریحی سہولتیں دستیاب رہیں گی جن سے وہ استفادہ کرپائیں گے ۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے حسین ساگر کے قریب دنیا کی بلند ترین عمارتوں کی تعمیر کے فیصلے کو عملی جامہ پہنائے جانے کی صورت میں اس علاقہ کی اہمیت میں زبردست اضافہ ہوگا اور حقیقی اعتبار سے حسین ساگر اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کو تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دیا جاسکے ۔