حسین ساگر کی صفائی اور تعمیراتی کاموں کا آغاز

حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) سکندرآباد سے ٹینک بنڈ آنے والی سڑک آئندہ ماہ 15 یوم تک کیلئے مسدود کی جاسکتی ہے۔ تاریخی عمارت سیدانی ماں کے مقبرہ کے پاس جاری محکمہ آبرسانی کے تعمیری کاموں کے متعلق بتایا جاتاہے کہ محکمہ آبرسانی نے آئندہ ماہ کم از کم 15 یوم کیلئے اس سڑک پر ٹرافک کی آمد و رفت کو مسدود کردینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ حسین ساگر کی صفائی کے سلسلہ میں جاری تعمیراتی کاموں کا عملاً آغاز ہوچکا ہے اور حسین ساگر میں صنعتی کارخانوں کے ذریعہ پہنچنے والا آلودہ پانی روکنے کیلئے بالا نگر و صنعت نگر اور کوکٹ پلی سے پہنچ رہے نالے کو خالصی گوڑہ نالے سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سیدانی ماں کے مقبرہ سے متصل جاری کھدائی کے کاموں کے سڑک پر پہنچنے تک کچھ وقت لگ سکتا ہے لیکن جیسے ہی کام سڑک پر پہنچیں گے ، اس سڑک پر ٹرافک کی آمد و رفت کو روکنا ضروری ہوجائے گا۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کے بموجب روزانہ 350 ملین لیٹر آلودہ پانی حسین ساگر میں چھوڑا جارہا تھا

اور اب یہ آلودہ پانی کوکٹ پلی نالے سے سیدھے خالصی گوڑہ نالہ پہنچ جائے گا۔ 4 کیلو میٹر طویل اس تعمیری کام کیلئے 58.96 کروڑ کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے اور تاحال 35 کروڑ کے کاموں کی تکمیل بھی کرلی گئی ہے۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ماہ جولائی کے اختتام تک یہ تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے اور ان کاموں کی تکمیل میں سب بڑا مسئلہ سڑک کے بیچوں بیچ کھدوائی کے ذریعہ نالے کو مربوط کرنا ہے ۔ اسی لئے عوام کو کچھ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ سکندرآباد ٹینک بنڈ سڑک کی مسدودی کی صورت میں ٹرافک کا رخ دوسری جانب موڑ دیا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرناپڑے۔ مسٹر ایم ستیہ نارائنا اگزیکیٹیو ڈائرکٹر محکمہ آبرسانی نے بتایا کہ تاحال اس بات کا قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ کن تواریخ میں اس راستہ کو 15 دن کیلئے مسدود کیا جائے گا۔