حیدرآباد۔/12نومبر، ( پی ٹی آئی) قلب شہر میں واقع پُرفضاء حسین ساگر جھیل کے اطراف حکومت تلنگانہ نے بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق حکومت نے حسین ساگر جھیل کی صفائی کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ حسین ساگر جھیل اس شہر کیلئے ایک نعمت ہے۔ انہوں نے اس قدرتی جھیل کے اطراف 60منزلہ یا 100منزلہ ٹاورس کی تعمیر کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ حیدرآباد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا چاہتی ہے اور کہا کہ آسمان چھوتی ہمہ منزلہ عمارتیں بین الاقوامی شہروں کی ایک نمایاں خصوصیت اور کشش ہوتی ہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ہمہ منزلہ عمارتوں کے کئی فوائد ہیں۔
انہوں نے ملیشیا کے دارالحکومت پیٹروناس ٹاورس کے علاوہ ممبئی کے ساحل سمندر پر واقع بلند و بالا ٹاورس کی مثالیں پیش کی۔ چیف منسٹر نے اپنے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ جھیل کے اطراف واکناف واقع اراضیات کے بارے میں ایک جامع رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے جھیل کے اطراف نیکلس روڈ کو خوبصورت بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ پارکوں کے قریب تفریحی مراکز کو فروغ دیا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق حسین ساگر جھیل پر پیٹروناس ٹاورس جیسی بلند و بالا عمارتوں میں فائیو اسٹار ہوٹلیں اور سیاحوں کیلئے خوبصورت گیسٹ ہاوز تعمیر کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت جھیل کے اطراف و اکناف رہنے والے غریبوں کیلئے ایک پُر اثر ٹاور تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔